لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کے دوران ستھرا پنجاب اور صفائی کی آؤٹ سورسنگ کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ماریہ طارق نے صوبائی وزیر کو تحصیل کی سطح پر کنٹریکٹرز کے انتخاب کے جاری عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ شہریوں کی شرکت کے بغیر صفائی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے کہاکہ ہر گاؤں میں ایک کولیکشن پوائنٹ بنایا جائے گا جہاں سے کوڑا بعدازاں ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے دیہات میں روایتی چھپڑوں کی بحالی کا منصوبہ بھی جاری ہے۔