وفاقی وزیر پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ فساد کی سیاست کی پاکستان میں گنجائش نہیں ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ مہنگائی کم ہورہی ہے اور ترقی کی شرح بڑھ رہی ہے، ملک آگے بڑھ رہا ہے اور لوگوں کو روزگار مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس اس وقت کسانوں پر ہے، آئی ٹی سیکٹر میں ہمارے پاس بہترین ٹیلنٹ ہے، ملک میں استحکام آرہا ہے، معیشت بہتری کی طرف جارہی ہے۔
سینیٹر مصدق ملک نے مزید کہا کہ ملک میں سختی کے بعد بہتری کی گنجائش پیدا ہورہی ہے تو اس میں کیا برا ہے؟
اُن کا کہنا تھا کہ جس شخص نے چینی صدر کا دورہ ملتوی کرایا، وہی ایس سی او کانفرنس سے پہلے کنٹینرز لگوارہا ہے، اگر کوئی آجائے گا اور سرمایہ کاری کرے گا تو آپ آگ کس کو لگانا چاہتے ہیں، یہ خاص وقت آپ کے پاس کیوں ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے پاکستان میں سرمایہ کاری آ رہی ہے، حکومتی اقدامات سے معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات کے فروغ پر توجہ دی جارہی ہے، ملکی معیشت ترقی کرے تو عام آدمی کو روزگار ملے گا۔