پیانگ یانگ ( نیوزڈیسک) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اْن نے کہا ہے کہ اگر جنوبی کوریا اور اس کے اتحادی امریکا نے حملہ کیا تو وہ بھی جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے دریغ نہیں کریں گے۔ خبررساں اداروں کے مطابق رواں ہفتے سیئول نے ایک فوجی پریڈ میں بنکر کو تباہ کرنے والے میزائل کی نمائش کی تھی ،جس پر شمالی کوریا کی جانب سے سخت ردعمل دیا گیا ہے۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کی جانب سے تصاویر جاری کی گئی ہیں، جس میں کم جونگ اْن کو جیکٹ میں ملبوس خصوصی آپریشنز فورسز کے تربیتی پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ خطاب میں انہوں نے یون سک یول کو ان کے حکومت خاتمے اور امریکا کے ساتھ یکجہتی سے متعلق تبصروں پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سیئول کے پاس اپنے جوہری ہتھیار موجود نہیں ہیں، وہ امریکا کے جوہری ہتھیاروں کے چھتری تلے ہے۔ واشنگٹن نے 1953ء میں بغیر کسی امن معاہدے کے کورین جنگ کے خاتمے کے بعد سے ہزاروں فوجی اس ملک میں تعینات کر رکھے ہیں کم جونگ اْن نے کہا کہ یہ سیئول اور واشنگٹن ہیں جو علاقائی سلامتی اور امن کو تباہ کر رہے ہیں یاد رہے کہ منگل کے روز جنوبی کوریا نے پیریڈ میں پہلی بار اپنا سب سے بڑا بیلسٹک میزائل ہونمو-5دکھایا، جو زیر زمین بنکروں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جنوبی کوریا کی مسلح افواج کے دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یون سک یول نے کہا کہ اگر شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی کوششوں کی تو ہماری فوج امریکا اور کوریا کے اتحاد کی جانب سے بھرپور اور زبردست ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن شمالی کوریا کی حکومت کے خاتمے کا دن ہو گا۔ جنوبی کوریا کو توقع ہے کہ شمالی کوریا آیندہ ہفتے پارلیمانی اجلاس میں 1991ء میں دستخط کیے گئے تاریخی بین الکوریائی معاہدے کو منسوخ کر دے گا۔ رواں سال کم جونگ اْن نے آئین سے اتحاد سے متعلق شقوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا ۔