اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت وفاق پر لشکر کشی کر رہی ہے،کیا ایسا کرنے والے کسی لشکر کو سیاسی جماعت کہا جا سکتا ہے، ماضی میں وفاق اور صوبوں میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی حکومتیں ہونے کے باوجود باہمی کشیدگی میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ وفاق کی کسی اکائی نے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں وفاق پر لشکر کشی کی ہو، 2016 سے اب تک مسلسل خیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی کی حکومت وفاق پر لشکر کشی کر رہی ہے۔ اتوار کو ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ افسوس ناک رسم پی ٹی آئی نے ڈالی ہے 2016ء میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اسلام آباد پر پہلا حملہ کیا۔ 2022ء میں عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان حکومتی وسائل کے ساتھ حملہ آور ہوئے اور اب وزیر اعلی گنڈاپور نے وفاق پر لشکر کشی کو معمول بنا لیا ہے۔