کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) خواتین میں چھاتی کا سرطان تیزی سے بڑھ رہا ہے، رواں سال بلوچستان میں 5ہزار سے زائد مریض سرکاری ہسپتال میں رجسٹرڈ کئے گئے ہیں ، زیادہ تعداد نوجوان خواتین کی ہے۔ بلوچستان میں سرطان کی مختلف نوعیت میں اس وقت خواتین میں چھاتی کے سرطان کے کیسزکی شرح سب سے زیادہ ہے ،کوئٹہ میں کینسر کے مریضوں کے علاج کے لئے قائم ادارہ سینٹر فارنیوکلئیر میڈیسن اینڈ ریڈیوتھراپی سینار کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ سال ادارہ میں چھاتی کے سرطان میںمبتلا 3ہزار مریض رپورٹ ہوئے تھے جبکہ رواں سال کے دوران یہ تعداد 5ہزار سے بھی تجاوز کرچکی ہے، طبی ماہرین کے مطابق بلوچستان میں زیادہ تر30 سے 35سال کی عمرکی خواتین اس مرض میں مبتلا ہورہی ہیںچھاتی کے سرطان کی بڑی وجہ خواتین میں شعور و آگاہی میں کمی اور وقت پرعلاج کا نہ ہوناہے اور اکثر متاثرہ مریض حکیموں اور عطائی ڈاکٹروں کارخ کرتے ہیں جس سے بیماری مزید پیچیدہ ہوجاتی ہے۔چھاتی کے سرطان کی روک تھام کیلئے آگاہی سے متعلق یکم تا 7 اکتوبر تک آگاہی کا ہفتہ منایا جارہاہے ، آگاہی کا ہفتہ منانے کا مقصد چھاتی کے سرطان کے حوالے سے خواتین کو اس بڑھتے ہوئے مرض سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے ۔