کراچی (اسٹاف رپورٹر) آیت اللہ غلام عباس رئیسی نے کہا ہےکہ حضوراکرم ﷺ رحمتہ اللعالمین اور کائنات کے ہر طبقہ کے لئے رحمت ہیں، حضوراکرم ﷺ نے اتحاد پرزوردیا کیونکہ اسلامی اہداف ومقاصد اس کے بغیر عملی نہیں ہوسکتے،امت کے درمیان اختلاف ڈالنے والوں کو سمجھنا اور قوم کوباشعور ہونا پڑے گا،ان خیالات کا اظہارانہوں نے دفترمشیر امورطلبہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام پارکنگ گرائونڈبالمقابل آرٹس لابی میں منعقد سالانہ یوم مصطفی ﷺسے خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ اگر قرآن کو سمجھنا ہے تو حضوراکرمﷺ کی زندگی کو سامنے رکھنا ہوگا اور اگرحضواکرمؐ کی زندگی کو سمجھنا ہے تو قرآن کو سامنے رکھنا ہوگا، حضور ﷺپر دین کی تکمیل کردی گئی،آپ ؐ نے عملی طور پر ثابت کرکے دکھایا کہ اسلامی معاشرہ ،برابری اور سماجی انصاف کیسے ہوتاہے،ہماری تنزلی کی ایک بڑی وجہ ہمارے قول وفعل میں تضادہے ، عہدے یا حکمرانی ملنا بڑی بات نہیں بلکہ بڑی بات اس کے ساتھ انصاف کرناہے،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ تمام مشکلات اور مسائل کا حل سیرت طیبہ میں موجود ہے،فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے جنرل سیکریٹری صابرابومریم ودیگرمقررین نے کہا کہ فلسطین کے لئے آوازاُٹھانا ہم سب کا فریضہ ہے۔