کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے صد انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ جس طرح ملک بھر میں یوم فلسطین منایا گیا ہے اسی حوالے سے ایوان صدر میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجیتی کے لیے اے پی سی کا انعقاد کیا گیا تھا،تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا،اسرائیلی جارحیت کی اب مذمت کرنے سے کام نہیں چلے گاتمام اسلامی مملکت کے سربراہان کو فلسطین کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کھل کر سامنے آنا پڑے گا،عالمی برادری مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام اور اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے اقدامات کرے،ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ شام، لبنان اور ترکی جس طرح شہید فلسطینیوں کے بچوں کی پرورش کے لیے آگے بڑھے ہیں اسی طرح پاکستانی حکومت کو بھی اس کار خیر میں حصہ لینا چاہیے۔