کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیم دبئی میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جمعے کو گروپ اے کا اہم میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی ۔ میچ کی تیاریوں کیلئے پاکستانی ٹیم نے بدھ کو 3 گھنٹے تک بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔ دریں اثنا ایشین چیمپئن سری لنکا تیسرا میچ ہار کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ بدھ کو دبئی میں بھارت نے سری لنکا کو 82رنز سے شکست دے دی۔ ناکام ٹیم 90رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت نے تیسرے میچ میں دوسری کامیابی حاصل کی۔ بھارت نے 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے یہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ کپتان ہرمن پریت کور 52 ، سمرتی مندھانا 50 اور شفالی ورما نے 43رنز بنائے۔ قبل ازیں جنوبی افریقا نے اسکاٹ لینڈ کو80 رنز سے شکست دے دی۔ دبئی میں جنوبی افریقا نے پانچ وکٹ پر166رنز بنائے، ناکام سائیڈ 86رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقا کی تین میچزمیں یہ دوسری کامیابی ہے۔