کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ایف بی ایریا بلاک 11 قبائل کالونی کے قریب گلی سے ملنے والی 3 سالہ آمنہ دختر عبدالباسط کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ،بچی کے لواحقین کا کہنا ہے علی الصباح آمنہ کے بڑے بہن بھائی گھر سے اسکول جانے کے لیے نکلے تو آمنہ بھی ان کے ساتھ گھر سے نکل گئی اور پندرہ سے بیس منٹ بعد گھر سے کچھ فاصلے پر گلی سے بچی کی لاش ملی،ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کے مطابق بچی کے گلے میں دوپٹہ لپٹا ہوا تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے اسے گلہ دبا کر قتل کیا گیا ہے،آمنہ چھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی۔ دریں اثنا منگھوپیر سیکٹر ون میں قائم جامعہ مریم مدرسہ کے پانی کے ٹینک سے تین روز پرانی 5 سالہ بلال شیر خان کی لاش ملی جو مذکورہ مدرسے میں زیر تعلم تھا،گولیمار خاموش کالونی قبرستان کے قریب واقع گھر سے55 سالہ احمد رضا کی لاش ملی ، ماڑی پور مچھر کالونی میں ہوٹل کی چھت سے59 سالہ عبدالرحمنٰ کی لاش ملی ۔