لندن (نیوز ڈیسک) برطانوی وزیرعظم کیئر اسٹارمر کی اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کے ’’عہد‘‘ پر ان ہی کی جماعت کی پاکستان نژاد رکن اسمبلی زارا سلطانہ نے اسمبلی میں کھڑے ہوکر شدید تنقید کی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی ایم پی زارا سلطانہ نے وزیراعظم اسٹارمر کو مخاطب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ ہر وہ کام کریں جو اخلاقی اور قانونی طور پر درست ہو۔ زارا سلطانہ نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ اخلاقی اور آئینی کام یہ ہے کہ آپ اسرائیل کو ایف-35 طیاروں سمیت تمام ہتھیاروں کی فروخت پر مکمل پابندی لگائیں۔ رکن اسمبلی زارا سلطانہ نے کہا کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے یہ سوچ لیں کہ اسرائیل ان ہتھیاروں کو کہاں اور کس کے خلاف استعمال کرے گا۔ پاکستان نژاد رکن اسمبلی نے اسرائیلی جارحیت پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کو افسوسناک رویہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی سنجیدہ کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔ زارا سلطانہ بھی حکمراں جماعت کی ہی رکن اسمبلی ہیں لیکن اپنے الگ نکتہ نظر کی وجہ سے انھیں اپنی جماعت لیبر پارٹی سے 6 ماہ کی معطلی کا سامنا ہے۔