کراچی (اسد ابن حسن) فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی نے اپنے ادارےکے نئے بھرتی شدہ 130 مرد اور خواتین کانسٹیبلز کی ٹریننگ اپنے ایف آئی اے ٹریننگ اکیڈمی کے بجائے پاکستان ریلویز پولیس ٹریننگ کالج والٹن روڈ سے کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے ٹریننگ اکیڈمی کے افسر نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مذکورہ کانسٹیبلز کو فوری طور پر ڈیوٹی سے ریلیو کرنے کے مراسلے تمام اعلی افسران کو تحریر کر دیے ہیں۔ ٹریننگ پر جانے والے کانسٹیبلز کے لیے کچھ شرائط رکھی گئی ہیں جن میں ایف آئی اے کی دو یونیفارم ادارے کے متعلقہ شعبے کی طرف سے فراہم کرنا، ذاتی طور پر اپنے سادہ پینٹ شرٹ، سفید قمیض شلوار، پشاوری چپل، جوگرز، جوتے، چپل اور دیگر اشیاء شامل ہیں مگر سب سے حیرت انگیز شرط یہ ہے کہ ٹریننگ پر جانے والے کانسٹیبلز اپنے ساتھ تین سفید چادریں، تکیے اور مکمل بیڈ کا سامان یعنی بستر وغیرہ بھی اپنے ہمراہ لے جانا لازمی قرار دیا ہے۔ خواتین لیڈی کانسٹیبلز کے لیے تمام شرائط وہی ہیں سوائے سفید قمیض شلوار کے۔