گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کے قونصل جنرل رانا ثمر جاوید نے پاکستان اوورسیز فائونڈیشن کے نئے چیئرمین سید قمر رضا اور نعیم عباس کے اعزاز میںعشائیہ دیا۔ عشائیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے چیدہ چیدہ رہنمائوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کئے۔ قونصل جنرل آف پاکستان نےکہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کے کوٹے سے درخواست دے کر سستے حج کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ نعیم عباس نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم نے پاکستان میں رہنے والے اور بیرون ملک مقیم افرادکو ایک اٹوٹ رشتے میں باندھ رکھا ہے۔ سید قمر رضا نے کہا کہ وہ بیرون ملک مقیم 90 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کے مسائل کوحل کرانے کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق ہرممکن کوشش کررہے ہیں جن میں ان کی جائیدادوں پر قبضے ختم کرانے کیلئے سپیڈی کورٹس کا قیام، موبائل فون پر ٹیکس کا خاتمہ، پاکستان فائونڈیشن کے مسائل اور پی آئی اے کی فلائٹ کی بحالی وغیرہ شامل ہیں۔ برطانیہ کے لئے پی آئی اے کی فلائٹس کی بحالی کیلئے مجھے وزیراعظم کا تعاون بھی پوری طرح حاصل ہے۔