• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باہمی اختلافات نے مسلم امہ کو کھوکھلا کر دیا، دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے، حافظ آزاد، ڈاکٹر حماد لودھی، علامہ غلام حسین، علامہ افضل سعیدی

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) الحرا اسلامک سینٹر بریڈفورڈ میں یوکے اسلامک مشن کے زیراہتمام تیسری سالانہ اتحاد بین المسلمین سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مسالک کے مذہبی اسکالرز اور کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے میزبان علامہ حافظ محمد آزاد نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد مختلف مسالک کے درمیان باہمی روارداری اور اتحاد امت کو فروغ دینا ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مختلف مسالک کو قریب لانے اور اتحاد واتفاق پیدا کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر یوکے اسلامک مشن کے صدر ڈاکٹر حماد لودھی نے کہا کہ اتحاد امت کا فروغ ہمارے فلاحی ادارے کی اولین ترجیحات میں ہے جس کا ثبوت اس کانفرنس میں مختلف طبقہ فکر کے علماء کی شرکت سے ظاہر ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ غزہ پر عالمی قوتیں بدستور روایتی اور ثقافتی یلغار کے ذریعے حملہ آور ہیں، آج ہمیں اپنے اندر ایمان، استعداد اور استقامت کا جذبہ پیدا کرنا ہو گا، یو کے اسلامک مشن دنیا بھر کے مسلمانوں کو وحدت اور اتحاد کی دعوت دیتی ہے تاکہ اسلامی تمدن کا پیغام دنیا تک پہنچے۔ اس موقع پر اہل تشیع کے علامہ غلام حسین عدیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے باہمی اختلافات نے ہمیں کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے، 95فیصد سے زائد معاملات پر تمام مسالک کی قدریں مشترک ہیں جن کو ہم نے نظرانداز کر کے آپس میں دوریاں پیدا کر رکھی ہیں جس کا فائدہ ہماری دشمن قوتیں اٹھا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ آج غزہ میں بدترین انسانی اور تعلیمی نسل کشی ہو رہی ہے، عالمی قوتیں تماشائی اور 57اسلامی ممالک مصلحتوں کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ غزہ میں پچاس ہزار شہادتیں اور ایک لاکھ کے قریب زخمی ہو چکے ہیں اس کے باوجود مسلم اُمہ کو اگر کوئی احساس نہیں اور متحد نہیں ہوتے تو یہ بدبختی کے سوا کچھ نہیں ہے، فلسطین کے مسلمانوں کے لیے آواز عین عبادت سمجھ کر بلند کرنا ہو گی۔ الزہرہ سینٹر بریڈفورڈ کے بانی علامہ افضل سعیدی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺکو تمام عالمین کے لیے رحمت العالمین اور تمام انسانیت کے لیے نبی اور رسول بنا کر بھیجا گیا کفار ومشرکین نے مکہ مکرمہ میں سرکار دوعالم ﷺاور صحابہ کرامؓ کے ساتھ ہر طرح کا ظلم روا رکھا، آپ ﷺکو جسمانی اور ذہنی اذیتیں دی گئیں، آپ ﷺ پر پتھروں اور سنگریزوں کی بارش کی گئی اس کے باوجود رحمت عالمﷺ نے ان کے ساتھ نہایت اعلیٰ اخلاق کامظاہرہ کیا اور انہیں معاف کیا، انہوں نے کہا کہ پیغمبر انسانیتﷺ نے جو معاشرتی نظام پیش کیا اس میں نہ صرف مسلمانوں کو آپس میں حسن سلوک سے پیش آنے کی تلقین کی بلکہ غیر مسلموں سے بھی حسن معاشرت کی بھی تعلیم دی۔ سرکار دوعالم نبی پاک ﷺ کی سیرت مبارک تمام عالم کے لیے قابل تقلید اور ایک کھلی کتاب کی مانند ہے۔ کانفرنس سے مولانا محمد اقبال، مفتی اشفاق، مولانا وسیم خان، مولانا نوید شاہ، مولانا محمد ارشاد، طاہر خان نے خطاب جب کہ حافظ عمیر یونس نے تلاوت، قاری بابر ندیم نیازی، خرم اقبال، عبدالحفیظ خان اور دیگر نے نعت شریف کے نذرانے پیش کئے۔ کانفرنس کے آخر میں امت مسلمہ کے اتحاد واتفاق کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

یورپ سے سے مزید