• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ ن کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو اثاثہ سمجھتی ہے، امجد ملک

لندن (سعید نیازی) پنجاب اوورسیز کمیشن کے وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو اہم اثاثہ سمجھتی ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات لندن میں مسلم لیگ ن کے نئے عہدیداروں کی تعارفی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کی۔ تقریب میں لندن سمیت ملک بھر سے لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔ بیرسٹر امجد ملک نے مزید کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت جب بھی آئی لوگوں کے مسائل حل کئے گئےہیں اور عوامی بہبود کے نئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بھی حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران کہا تھا کہ پی آئی اے کی پروازیں جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں شاید کچھ ٹیکنیکل مسائل درپیش ہیں تاہم پوری امید ہے کہ رواں برس کے آخر تک برطانیہ و یورپ کیلئے قومی ائرلائن کی پروازیں بحال ہو جانی چاہئیں تاکہ برطانیہ سمیت یورپ بھر سے میتوں کو پاکستان بھجوانے کا مسئلہ بھی حل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ بیرون ملک آباد پاکستانیوں کیلئے پاکستان جانے کی صورت میں وزن پر سیلز ٹیکس ختم ہو، ون ونڈو شکایات کا جو سیل ہے وہ فعال ہو، سرمایہ کاری کیلئے صرف ایک پورٹل ہو اور ائرپورٹ پر بیرون ملک سے جانے والوں کیلئے ڈیسک بھی کام شروع کرکے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں نشستیں بھی ملنی چاہیں اور قبضہ مافیا کے خاتمے کیلئے خصوصی عدالتیں ہوں، پی ایم ایل ن کے نومنتخب صدر احسن ڈار نے اس موقع پر کہا کہ ہم سے پہلے لوگوں نے جو بنچ مارک سیٹ کیا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ اسے آگے لے کر چلیں۔ ایجوکیشن اور انوائرمنٹ کے حوالے سے ہمارے پاس یہاں بڑے اچھے لوگ ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ سب کو ساتھ لے کر پاکستان کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کام احتجاج کرنا ہے لیکن پی ایم ایل این اور نواز شریف کریڈیبلٹی کا نام ہے، نواز شریف کے کام بولتے ہیں۔ چیئرمین پی ایم ایل ن یوکے ڈاکٹر اشرف چوہان نے کہا کہ مسلم لیگ وہ جماعت ہے جو کارکنوں کو ان کا مقام دیتی ہے ہم حکومت کے معاشی ترقی کیلئے شروع کئے گئے منصوبوں کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں حالیہ ہنگاموں میں حصہ لینے والوں کو جس طرح حکومت اور میڈیا نے بدمعاش کہا، اس طرح پاکستان میں بھی توڑپھوڑ اور احتجاج کی سیاست کرنے والوں کو بدمعاش قرار دیکرسزائیں ملنی چاہئیں۔ انہوں نے پارٹی کے برطانیہ میں سابق صدر زبیر گل کو حکومت میں عہدہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ سابق صدر زبیر گل کا کہنا تھا کہ پوری دنیا سے وفود پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جو کہ حکومت کی مقبولیت کی دلیل بھی ہے اور دنیا کا پاکستان کی حکومت پر اعتماد کا مظہر بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی میں خطاب کرکے پوری مسلم امہ کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جلد خطے میں ابھرے گا اور ایشیا کا ٹائیگر بنے گا۔ جماعت کے برطانیہ میں جنرل سیکرٹری راشد ہاشمی نے نظامت کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے کہا کہ لیگی کارکنوں کو ہمیشہ قیدت نے عزت دی ہے۔ انہوں نے مشکل وقت پارٹی کا ساتھ دینے والے پارٹی کارکنوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ تقریب سے بیگم نوادر خان، حنا ملک، محترمہ صدف، شاہد رفیق اعوان، انصر چوہدری، راجہ سجاد، اقبال سندھو، صبا منظور، ڈاکٹر طاہر، انجم چوہدری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

یورپ سے سے مزید