• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں رواداری مارچ پر کریک ڈاؤن قابل مذمت ہے، اے ڈبلیو پی

لیڈز ( پ ر) عوامی ورکرز پارٹی سندھ کے صدر کامریڈ ضیاء بھٹی، جنرل سیکرٹری کامریڈ سینگار نوناری، کامریڈ بادل ملک، کامریڈ خلیل بلوچ، کامریڈ یونس راہو سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ سندھ میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کے خلاف اور ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے قتل کے انصاف کیلئے کراچی میں منعقد سندھ رواداری مارچ کو روکنے کیلئے پلانٹیڈ احتجاج کروانا، رواداری مارچ کے شرکا پر کریک ڈاؤن اور پھر ایف آئی آر جیسے ریاستی ہتھکنڈے استعمال کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی قیادت نے ایک بار پھر اپنے مفادات کی خاطر دباؤ میں آ کر تشدد والے واقعات پر معذرتیں کیں لیکن یہ معذرتیں بے معنی ثابت ہوئیں۔ کراچی میں پرامن سندھ رواداری مارچ پر تشدد کے بعد پی پی پی کے نامور رہنماؤں نے راتوں رات معذرتیں تو کر لیں لیکن پھر بھی کامریڈ بخشل تھلہو جو عوامی ورکرز پارٹی کے وفاقی جنرل سیکرٹری ہیں، سمیت سندھ رواداری مارچ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں اور دیگر کارکنان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئیں۔ ہم ان ایف آئی آرز کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جو ملک کی سیاسی صورتحال میں ایک گہری تشویش کا باعث ہیں۔ جب انتہا پسند قوتیں اور اسٹیبلشمنٹ کو کھلی چھوٹ مل رہی ہے تو یہ کس منطق سے جائز ہے کہ حقیقی ترقی پسند تحریکوں کو دبایا جا رہا ہے، اس حکومت کی عوام مخالف پالیسی میں یہ رجحان واضح طور پر نظر آ رہا ہے جو عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کو مجرم بناتی ہے۔ یہ ایف آئی آرز صرف کامریڈ بخشل تھلہو اور عوامی ورکرز پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ یہ پاکستان میں تمام ترقی پسند قوتوں کے خلاف ایک منظم حملہ ہیں۔ پی پی پی کی معذرتیں اس وقت تک بے معنی ہیں جب تک انصاف کا قتل عام جاری رہتا ہے۔ ہم سب ترقی پسند قوتیں مل کر اس حکومتی ظلم کا بھرپور مقابلہ کریں گے اور اس غیر جمہوری، عوام دشمن رویے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
یورپ سے سے مزید