’کافر‘کے بعد پیش خدمت ہے نئی اپ گریڈ پراڈکٹ ’گستاخ‘۔ آپ کی منگنی ٹوٹ جائے‘ واپڈا والوں سے جھگڑا ہو جائے‘ مالک مکان گھر خالی کرنے کا نوٹس دے دے‘ ٹریفک پولیس والا چالان کر دے، کوئی اپنا اُدھار واپس مانگ لے وغیرہ وغیرہ توہماری پراڈکٹ ’گستاخ‘ استعمال کریں۔ پہلی ہی خوراک اثر نہ کرے تو پیسے واپس۔ دشمن کو دھول چٹانے کا نایاب فارمولا۔ پاکستان بھر سے آن لائن آرڈر کریں اور گھر بیٹھے منگوائیں۔ یاد رہے کہ اِس پراڈکٹ کی بدولت بے شمار لوگوں کی زندگی میں جادوئی تبدیلی آ چکی ہے۔ آئیے اس بارے میں کچھ لوگوں سے بات کرتے ہیں۔ جی شکیلہ آپ بتائیے آپ کے ساتھ کیا ہوا اور آپ نے کیا طریقہ اختیار کیا؟۔
’’میں اپنی ساس کی وجہ سے بہت پریشان رہتی تھی۔ وہ ہر وقت مجھے نصیحتیں کرتی رہتی تھیں کہ کھانا اور روٹی بنانا سیکھو اور بلاوجہ گلی میں نہ کھڑی ہوا کرو۔ میرا شوہر بھی مجھے ڈانٹنے لگا تھا۔ یقین کریں میرا گھر اجڑنے کے قریب پہنچ چکا تھا۔ پھر ایک دن میری ایک سہیلی نے مجھے ’گستاخ‘ کے بارے میں بتایا۔ میں نے فوراً ایک پیکٹ منگوایا اور ہدایات کے مطابق اپنی ساس کو محلے بھر میں ’گستاخ‘ مشہور کر دیا۔ میں حیران ہوں کہ سب نے نہ صرف بلاتحقیق میری بات کایقین کیا بلکہ میری ساس کا سوشل بائیکاٹ بھی کر دیا۔ میری ساس کا گھر سے باہر نکلنا مشکل ہو گیا۔ آخر کار اُس نے مجھ سے معافی مانگی اور یوں میری زندگی میں خوشیاں واپس لوٹ آئیں۔‘‘
دیکھا ناظرین!شکیلہ اب ہنسی خوشی زندگی بسر کر رہی ہیں۔ آپ بھی ابھی ہماری ڈسکائونٹ آفر سے فائدہ اٹھائیں اور ’گستاخ‘ منگوا کر دوسروں کی زندگی عذاب اور اپنی حسین بنائیں۔ آئیے بات کرتے ہیں ایک اور کسٹمر سے جو ایک فیکٹری میں ملازم ہیں۔ جی اشتیاق صاحب! ہمارے ناظرین کو بتائیے کہ آپ نے ہماری پراڈکٹ کیوں منگوائی؟
’’میں ایک میڈیسن کی فیکٹری میں پیکنگ کا کام کرتا ہوں‘ میرے پاس کافی عرصے سے پرانا موبائل تھا۔ میرے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ نیا موبائل لے سکوں لہٰذا میں نے اپنے منیجر کو درخواست دی کہ مجھے چھ ہزار روپیہ ایڈوانس درکار ہے۔ منیجر نے مجھے ایڈوانس دینے کی بجائے کہا کہ جب تک تمہارا پچھلا ایڈوانس کلیئر نہیں ہوجاتا اگلا ایڈوانس نہیں مل سکتا۔ یہ سنتے ہی میری امیدوں پر پانی پھر گیا۔ پھر فیکٹری کی کینٹین والے نے مجھے ’گستاخ‘ کے بارے میں بتایا۔ پہلے تو مجھے یقین نہ آیا۔ لیکن پھر میں نے گھر کا پرانا ٹی وی بیچ کر گستاخ‘ کا ایک پیکٹ منگوایا اور طریقہ استعمال کے مطابق اگلے ہی دن فیکٹری میں مشہور کر دیا کہ ہمارا منیجر ’گستاخ‘ ہے۔ شام تک پوری فیکٹری کے مزدور سڑک پر نکل آئے اور منیجر کو گستاخ گستاخ کہنا شروع کر دیا۔ منیجر کے ہاتھ پائوں پھول گئے‘ وہ بھاگا بھاگا میرے پاس آیا اور چھ ہزار کی بجائے دس ہزار نکال کر میری جیب میں ڈال کر بولا کہ خدا کیلئے اپنا الزام واپس لے لو۔ میں تو سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ’گستاخ‘ کی بدولت مجھے اتنا فائدہ ہو گا‘ تھینک یو گستاخ‘‘ ۔
ناظرین‘ ہماری پراڈکٹ خاص طور پر پاکستانیوں کیلئے ڈیزائن کی گئی ہے۔ ایک دفعہ استعمال کرکے دیکھیں آپ خود مان جائیں گے۔ ابھی آن لائن آرڈر کیجئے‘ پہلے تین سو کالرز کو ’گستاخ‘ کے ساتھ ہماری سابقہ کامیاب ترین پراڈکٹ ’کافر‘ کے تین پیکٹ فری دیے جائیں گے۔ پہلے آئیے پہلے پائیے‘ ایک حیرت انگیز ایجاد ’گستاخ‘ جو آپ کو تھانے کچہری اور قانون کے چکروں میں ڈالے بغیر منٹوں میں اثر دکھاتی ہے۔ آئیے بات کرتے ہیں ’گستاخ‘ استعمال کرنے والے ایک اور صاحب سے۔ جی سرفراز صاحب ! بتائیے کہ آپ کے ساتھ کیا ہوا؟
’’جی میں بڑی محنت سے جوئے کا اڈہ چلا تا ہوں اور ہمیشہ باقاعدگی سے علاقے کے تھانیدار کو اس کا حصہ پہنچایا کرتا تھا۔ لیکن دو ماہ پہلے ایک نیا تھانیدار آیا جس نے رشوت لینے سے انکار کر دیا اور میرا جوئے کا اڈہ بند کروا دیا۔ میں نے بڑی منتیں کیں‘ ڈیڑھ گنا زیادہ رقم کی آفر کی لیکن اُس کے سر پر ایمانداری کا بھوت سوار تھا۔ ایک دن گھر میں موبائل پر فلم دیکھ رہا تھا کہ اچانک ’گستاخ‘ کے اشتہار پر نظر پڑی۔ میں نے سوچا آزمانے میں کیا حرج ہے لہٰذا ایک پیکٹ منگوا لیا۔ شام کو میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ محلے کی مسجد کے باہر چارٹ اُٹھا کر کھڑا ہو گیا جس پر لکھا تھا کہ ’تھانیدار ایک گستاخ ہے اسے برطرف کیا جائے‘۔ میری حیرت کی انتہا نہ رہی جب پل بھر میں وہاں لوگوں کا مجمع لگ گیا اور میڈیا والے بھی پہنچ گئے۔ اگلے دن اخباروں میں خبریں لگ گئیں اور بات کمشنر صاحب تک پہنچ گئی۔ انہوں نے فساد ِ خلق کے ڈر سے تھانیدار کو جبری رخصت پر بھیج دیا لیکن عوام جبری رخصت کے حق میں نہیں تھے لہٰذا مستقل رخصت پر اسے’ اوپر‘ بھیج دیااور میرا جوئے کا اڈہ پھر سے آباد ہو گیا۔‘‘
’’دیکھا ناظرین!ملک کے کونے کونے میں کروڑوں لوگ ہماری پراڈکٹ ’گستاخ‘ خرید رہے ہیں۔ ہمارا دعویٰ ہے کہ ’گستاخ‘ کے استعمال کے بعد آپ مارکیٹ میں پہلے سے موجود پرانی پراڈکٹس مثلاً صیہونی ایجنٹ‘ امریکی پٹھو اور ملک دشمن وغیرہ استعمال کرنا چھوڑ دیں گے۔ ’گستاخ‘ کے استعمال پر وہ لوگ جنہیں ’گستاخ‘ کے ہجے اور مطلب بھی نہیں آتا وہ بھی آپ کی حمایت میں نعرے لگاتے نظر آئیں گے۔ ہر قسم کے سائیڈ افیکٹس سے پاک۔ سوچنے سمجھنے کی صلاحیتیں سلب کردینے والی پہلی عوامی ریسرچ بیسڈ پراڈکٹ ’گستاخ‘۔ اگر آپ کے پاس بھی دلائل ختم ہو چکے ہیں‘ ثبوت ناکافی ہیں‘ ٹینشن بڑھ رہی ہے‘ عزت دائو پر لگی ہے‘ شکست فاش کا خطرہ ہے اور کوئی اور حل نہیں سوجھ رہا تو یقیناً آپ کو ’گستاخ‘ کی ضرورت ہے۔ تو انتظار کس بات کا‘ آج ہی منگوائیں اور دشمنوں کے سینے پر مونگ دل دیں۔ یاد رہے کہ ہماری پراڈکٹ ’گستاخ‘ صرف آن لائن آرڈر کی جاسکتی ہے یہ مارکیٹ میں بالکل بھی دستیاب نہیں لہٰذا ملتے جلتے ناموں سے دھوکا مت کھائیں‘ ہمیشہ اصلی اور کھری ’گستاخ‘ منگوائیں اور جسے چاہیں نیست و نابود کر دیں۔ جلدی کریں ‘کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ کا دشمن آپ سے پہلے یہ پراڈکٹ آپ پر استعمال کر دے۔