کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں اپنا پہلا میچ ہفتے کو بھارت اے کے خلاف کھیلے گی۔ محمد حارث کی قیادت میں پاکستان شاہینز ٹیم 21 اکتوبر کو میزبان عمان سے مقابلہ کرے گی جبکہ اس کا تیسرا گروپ میچ 23 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا۔ فائنل 26 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، پاکستان 2019 میں سعود شکیل اور 2023 میں محمد حارث کی قیادت میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکا ہے۔ کپتان محمد حارث کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ تمام کھلاڑیوں کیلئے موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں ۔ ہمارے تینوں گروپ میچز ہماری صلاحیتوں کو جانچنے اور دباؤ میں مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کریں گے ۔ دریں اثنا جمعہ سے ایونٹ شروع ہوگیا ۔ بنگلہ دیش نے ہانگ کانگ کو5وکٹ اوردوسرے میچ میں افغانستان اے نے سری لنکا اے کو11رنز سے شکست دے دی۔