• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گریجوایٹ کانسٹیبلز و ہیڈ کانسٹیبلز کیلئے عمر کی حد بڑھانے کی منظوری

لاہور (کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے زائد العمر ہو جانے والے گریجوایٹ کانسٹیبلز اور ہیڈ کانسٹیبلز کی کیرئیر گروتھ کیلئے عمر کی حد بڑھانے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، پی کیڈٹ سکیم کے تحت پبلک سروس کمیشن کا امتحان نہ دے سکنے والے زائد العمر افسران کی عمر کی حد میں 5 سال کی رعایت مل گئی ہے،کرونا وبا کی وجہ سے ہزاروں پولیس ملازمین پروموشن امتحان کے لئے زائد العمر ہو گئے تھے، عمر کی حد میں رعایت کی یہ سہولت صرف اس بار ہونے والے پبلک سروس کمیشن امتحان کے لئے ون ٹائم ہے، سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کی سیٹوں کے امتحان کے لئے عمر کی حد 35 سال سے بڑھا کر 40 سال کر دی گئی ہے ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے متاثرہ پولیس ملازمین کو ریلیف دینے کے لئے سمری کیبنٹ کمیٹی کو ارسال کی، کیبنٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد پی پی ایس سی امتحان کے لئے زائد العمر کانسٹیبلری کی عمر کی حد صرف ایک بار کے لئے 40 سال کر دی گئی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کانسٹیبلز، اے ایس آئیز، سب انسپکٹر زبننے کے لئے مقابلے کے امتحان کے لئے تیاری کریں، امتحان جلد ہو گا، آئی جی پنجاب کے اقدام سے کانسٹیبلری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے کہا کہ رواں سال کے دوران 20 لاکھ سے زائد شہریوں نے خدمت مراکز سے پولیسنگ سروسز حاصل کی ہیں، صوبہ بھر میں ہر ماہ لاکھوں شہری پولیس خدمت مراکز سے ایک درجن سے زائد پولیسنگ خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔
لاہور سے مزید