• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسط ویلز برطانیہ کا پہلا علاقہ بن گیا جہاں ہر ایک کے پاس الٹرا فاسٹ براڈ بینڈ ہے

لندن (پی اے) برطانیہ کا پہلا علاقہ، جہاں ہر ایک کے پاس الٹرا فاسٹ براڈ بینڈ ہے۔ وسط ویلز کا ایک دیہی گاؤں برطانیہ کا پہلا علاقہ بن گیا ہے، جہاں ہر رہائشی کو الٹرا فاسٹ براڈ بینڈ تک رسائی حاصل ہے۔ لانبریرمیئر، پوویز میں پہلا ٹیلی فون ایکسچینج ایریا ہے، جسے اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ 100فیصد گھروں اور پراپرٹیزکو مکمل فائبر براڈ بینڈ ممکن ہو سکے۔ مکمل فائبر اس وقت ہوتا ہے جب ایک فائبر آپٹک کیبل کو براہ راست گھروں اور کاروباروں میں براڈ بینڈ فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، اس کی روایتی براڈ بینڈ سے بڑی بینڈوتھ ہوتی ہے اور لائن کسی اور کے ساتھ شیئر نہیں کی جاتی ہے، جس کی وجہ سے رفتار تیزہوتی ہے۔ تھری ویلش ٹینرز گروپ کے ایلڈ وائن ڈیوس گاؤں سے چار میل (6.4کلومیٹر) باہر رہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ رہائشیوں کی زندگی بدل دینے والا ہے۔ قبل ازیں ہمارے یہاں بمشکل ہی کوئی انٹرنیٹ تھا۔ انہوں نے کہا ایک صفحہ لوڈ کرنے میں 10منٹ لگتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے دوستوں سے اب رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اس سے پہلے پوسٹ کارڈ بھیجنا تیز تر ہوتا تھا۔ امید ہے کہ یہ جلد ہی ہر کمیونٹی میں پہنچ جائے گا کیونکہ یہ انتظار کے قابل ہے لانبریرمیئر ویلز کی سب سے بڑی پیرشوں میں سے ایک ہے، جو ایک سرے سے دوسرے سرے تک تقریباً 20میل (32کلومیٹر) پر پھیلا ہوا ہے۔ تقریباً 600جائیدادیں اب ایک گیگا بٹ فی سیکنڈ تک کی انٹرنیٹ کی رفتار تک رسائی حاصل کر سکیں گی، اس کے لئے زمیندار کی اجازت کو محفوظ کرنا ہوگا اور 60 کلومیٹر (37میل) سے زیادہ کیبلز کھڑی کی گئی ہیں۔ اوپن ریچ ٹیگرد ریس کے انجینئر، اپ گریڈ کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے اور کہا کہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ ہم 60کلومیٹر اوور ہیڈ کیبلز کے بارے میں بات کر رہے ہیں، ان کیبلز کو رکھنے کے لئے 1000 سے زیادہ کھمبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درختوں کی کٹائی، مختلف زمینوں کے مالکان کو مختلف حدود سے گزرنے والی لائنیں تھیں۔ بہت سارے چیلنجز تھے۔ برطانیہ کے سب سے بڑے براڈ بینڈ نیٹ ورک کے بی ٹی کی ملکیت والے آپریٹر پین ریچ کا کہنا ہے کہ یہ زمینی اپ گریڈ برطانوی حکومت کے پروجیکٹ گیگابٹ، ایکسٹرنل واؤچر سکیم کے ذریعے ممکن ہوا ہے۔ 5 بلین پونڈزکا پروگرام مشکل سے پہنچنے والے علاقوں کو نشانہ بناتا ہے، جہاں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر بنانا زیادہ مشکل اور زیادہ مہنگا ہے۔گھر اور کاروبار اپ گریڈ شدہ کنکشن کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے 4500 پونڈزتک کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ ویلز میں کل 970000پراپرٹیز کو اسی طرح کی تیز رفتار سروس تک رسائی حاصل ہے، حالانکہ کوریج ابھی تک خراب ہے۔ ویلز میں اوپن ریچ کی چیف انجینئر سوزان رودر فورڈ نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ ہم سب سے پہلے ویلز میں انجینئرنگ کے اس چیلنج کو عبور کرنے میں کامیاب ہوئے۔

یورپ سے سے مزید