کراچی (اسٹاف رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی چار روزہ چیف ایگزیکٹوز کمیٹی اوربورڈ میٹنگ پیر کو ختم ہوگئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی آخری دن لاہور سے دبئی پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے فروری میں پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پر بریفنگ دی جس پر آئی سی سی نے اطمینان کا اظہار کیا لیکن ابھی تک ٹورنامنٹ کے شیدول کا حتمی شکل نہیں دی گئی۔ آئی سی سی بورڈ نے آئی سی سی چیئر اور انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹر کی میعاد کو تین سال کی دو مدت میں تبدیل کرنے کی سفارش کی ۔ مینز کرکٹ کمیٹی میں تبدیلیاں کرتے ہوئےاسکاٹ ویننک کو فل ممبر جبکہ اسکاٹ ایڈورڈز کو ایسوسی ایٹ ممبر کا نمائندہ مقرر کیا گیا۔ ریٹائرہونے والے ڈاکٹر راجر ہاکس کی جگہ ڈاکٹر جان میکلین کی تقرری کے ساتھ میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ خواتین کے ایسوسی ایٹ ممبرز کیلئے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی ایک سیریز کی منظوری دی گئی تاکہ2028-2031سائیکل میں خواتین کے مقابلوں اضافہ کیا جائے۔ 2025 اور 2028 کے درمیان دو سالانہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کرائے جائیں گے۔ جس میں 24 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ 2030 میں 16ٹیمیں خواتین ورلڈ کپ میں حصہ لیں گی ۔ آئی سی سی بورڈ نے 2025-2029 خواتین کے ایف ٹی پی اور کیلنڈر کی بھی منظوری دے دی۔ چیف ایگز یکٹیوز کمیٹی نے 2025-2029 سائیکل کیلئے 16میں سے پانچ ایسوسی ایٹ ممبر خواتین ٹیموں کیلئے ون ڈے انٹر نیشنل اسٹیٹس کے طریقہ کار کی بھی تصدیق کردی ہے۔