دنیا کے امیر ترین آدمی ایلون مسک اپنی بے پناہ دولت اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو الیکشن میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کر رہے ہیں۔
بین اقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرنے میں ایک اور بڑا قدم اٹھایا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایلون مسک امریکی صدارتی انتخابات تک ان تمام لوگوں کو روزانہ 1 ملین ڈالرز دیں گے جو امریکی آئین کی حمایت میں ان کی آن لائن پٹیشن پر دستخط کریں گے۔
اُنہوں نے اپنے اس اعلان کے فوراً بعد امریکی ریاست پنسلوانیا میں ایک تقریب میں شرکت کرنے والے ایک شخص کو 1 ملین ڈالرز کا چیک بھی پیش کر دیا۔
ایلون مسک لوگوں کو جس پٹیشن پر دستخط کرنے کو کہہ رہے ہیں اس میں امریکی آئین میں ہونے والی پہلی اور دوسری ترامیم کی حمایت کی گئی ہے جو عوام کے آزادیٔ اظہار اور ہتھیار رکھنے کے حق کی ضمانت دیتی ہیں۔
اس کے علاوہ ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں امریکا پی اے سی نامی ایک سیاسی ایکشن کمیٹی کی بنیاد بھی رکھی ہے۔
ہفتے کے روز ایلون مسک نے ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا جس کے شرکاء کو امریکی آئین میں ہونے والی پہلی اور دوسری ترامیم کی حمایت میں پٹیشن پر دستخط کرنے تھے اور اس پٹیشن سے امریکا پی اے سی کو ان ووٹرز کا ڈیٹا اکٹھا کرنے میں آسانی ہو گی جنہیں آئندہ صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دینے کے لیے آمادہ کیا جا سکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حمایت کرنے کے بدلے میں ایلون مسک سے یہ وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ منتخب ہو گئے تو ایلون مسک کو گورنمنٹ ایفیشنسی کمیشن کا سربراہ مقرر کریں گے۔