• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی جیل سے رہا، بنی گالہ پہنچ گئیں

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کر دی گئی جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

رہائی کے بعد بشریٰ بی بی اڈیالا جیل کے گیٹ نمبر 5 سے روانہ ہوئیں اور کچھ دیر بعد وہ بنی گالہ رہائش گاہ پہنچ گئیں۔

اس سے قبل اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار پر دستخط کیے تھے۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر اضافی سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے، جیل انتظامیہ نے روبکار موصول ہونے پر قانونی کارروائی مکمل کر کے بشریٰ بی بی کو رہا کر دیا۔

آج ہی بشریٰ بی بی کو رہا کرائیں گے: PTI وکلاء

تحریک انصاف کے وکلاء نے آج صبح میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری ہو گئی، انہیں لینے اڈیالہ جیل جا رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما مشال یوسف زئی نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کو آج رہا کرائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے معاملے میں روبکار جاری نہیں ہو سکی تھی۔

سینئر اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدم دستیابی اور اسپیشل جج سینٹرل نمبر ٹو ہمایوں دلاور کی رخصت کے باعث روبکار جاری نہیں ہو سکی تھی۔

بشریٰ بی بی کب سے جیل میں تھیں؟

بشریٰ بی بی مجموعی طور پر 9 ماہ جیل میں قید رہیں۔

انہیں رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔

سزا کا فیصلہ آنے کے بعد بشریٰ بی بی نے خود جیل میں آ کر گرفتاری دی تھی، اس سے قبل بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل کے بجائے بنی گالہ منتقل کیا گیا تھا۔

کمشنر اسلام آباد نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کر دی تھی جس کے بعد انہیں توشہ خانہ ٹو کیس میں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید