• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

او پی سی اور او پی ایف مل کر اوورسیز کیلئے کام کرینگے، بیرسٹر امجد ملک

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے نومنتخب وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک سے ان کےچیمبر میں ملاقات کی۔ بیرسٹر امجد ملک نے اس موقع پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ اوورسیز میں پاکستان کا بہتر تشخیص پروان چڑھانا ہے پاکستان میں ہر قسم کے مواقع موجو دہیں۔اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ہر قسم کی بنیادی سہولیات مہیا کرنے کے لیے او پی سی اور او پی ایف دونوں ادارے مل کرکام کریں گے۔ پاکستان میں ٹورازم اور انویسٹمنٹ کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوںکو راغب کر نے کی ضرورت ہے تاکہ ملک ترقی کر سکے۔ چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے کہا کہ اوورسیز کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکنہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ دن رات پاکستان کی خدمت ہمارا اولین مشن ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا بل پارلیمنٹ میں پاس ہونا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہے۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور اوورسیز منسٹر چوہدری سالک حسین کے مشکور ہیں جن کی کاوشوں سے تارکین وطن کا بل پاس ہو گیا۔ اب اوورسیز پاکستانیوں کو پراپرٹی جیسے مسائل کے حل کیلئے اب پاکستان جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ سپیڈی کورٹ سسٹم تیز انصاف مہیا کرنے کیلئے اہم اقدام ہے جہاں تک پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کا تعلق ہے اس سلسلہ میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے اس امر کی یقین دہانی کرائی ہے کہ جب تک پی آئی اے بحال نہیں ہوتی اس وقت تک چارٹرڈ فلائٹس چلائی جائیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میت کو پاکستان لے جانے جیسے مسائل سے بھی آگاہ ہیں اس بارے میں جلد تارکین وطن کو خوشخبری سنائیں گے۔ او پی سی کے وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے جنگ وجیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ملک میں تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ رائٹس کے حوالے سے کافی پیچیدگیاں ہیں۔ ہم حکومت سے مطالبہ کریں گے کہ پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کو مخصوص نشستیں دی جائیں تاکہ پارلیمنٹ میں ان کی نمائندگی ہو سکے۔
یورپ سے سے مزید