• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب اور معذور افراد کی امداد کرنے کا سفر جاری رکھا جائے گا، شاہد جمیل، فنڈ ریزنگ تقریب

اوسلو (ناصر اکبر) سکون آرگنائزیشن ناروے کے زیراہتمام سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر2024 کا اہتمام کیا گیا۔ سالانہ فنڈ ریزنگ تقریب میں پاکستان سے آئے ہوئے مہمانوں میں پاکستانی فلم، ٹیلی ویژن اور اسٹیج کے معروف اداکا بہروز سبزواری، اداکارہ کنول خان، سنگر محمد زبیر شامل تھے جبکہ ناروے سے پاکستان ایمبیسی سے ویلفیئر کمیونٹی کونسلر آصف حمید شریک تھے۔ تقریب میں سیاسی وسماجی رہنماؤں سمیت خواتین وحضرات نے بھی بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول اللہ سے محمد غیاث نے کیا اور پاکستان کا قومی ترانہ بھی سنایا گیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض شاہ رخ خان نے سرانجام دئیے۔ فنڈ ریزنگ تقریب سے سکون آرگنائزیشن ناروے کے صدر شاہد جمیل، معروف اداکا بہروز سبزواری، اداکارہ کنول خان، ویلفیئر کمیونٹی کونسلر آصف حمید، مس سونیا خان نے خطاب کیا۔ سکون آرگنائزیشن کے صدر شاہد جمیل نے کہا کہ میں سب سے پہلے تقریب میں آئے ہوئے مہمانوں اور اپنی اور آگنائزیشن کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور درد دل رکھنے والے ان تمام خواتین و حضرات کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنی نیک کمائی سے ان غریب لوگوں کو یاد رکھا ہے جو بہت مشکل سے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ سکون آرگنائزیشن کا سفر غریب اور معذور افراد کی امداد کے لیے جاری ہے اور آپ لوگوں کی مدد سے یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا۔ تقریب کو سکون آرگنائزیشن ناروے کے عہدیداران جن میں صدر شاہد جمیل، نائب صدر نوید ظفر، چوہدری عبدالرحمٰن، رانا ساجد، وقار اکرم، سہیل یوسف اور شاہ رخ نے بہت اچھے طریقے سے آرگنائز کیا۔ تقریب میں پی ٹی آئی ناروے کے صدر حاجی محمد افضال، شیخ طارق محمود ملک پرویز، ملک حمزہ سلطان اعوان، انعام الحق سیٹھی، چوہدری رفاقت علی، ادریس لاہوری، شاعر جمشید مسرور، ڈاکٹر ندیم، ریسورس سینٹر فار نارویجن پاکستانی وومن تنظیم کی صدر مینا جی اطہر علی، مس کبرا، مس سائقہ، تبسم راجہ، ناصر عثمان راجہ، اشفاق چوہدری، طاہر اکرم، چوہدری محمد اسلم، محمد ساجد، مس فاطمہ، شمعون چوہدری اور دیگر نے شرکت کی۔ جنگ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار بہروز سبزواری نے کہا کہ ناروے آ کر بہت اچھا لگا اور ناروے کے لوگ بہت اچھے ہیں اور سکون آرگنائزیشن کی معذور اور غریب افراد کی مدد کے حوالے سے کوششوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی پاکستان کے غریب افراد کے لیے درد رکھتے ہیں اور وہ پردیس میں رہ کر پاکستان کے لیے درد رکھتے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو سلامت رکھے کیونکہ ہم اس ملک کی وجہ سے آئے ہیں۔ اس موقع پر ان سے پوچھا گیا کہ آپ نے ڈرامہ تنہائیاں میں قباچہ کا رول بہت اچھے طریقے سے سر انجام دیا تھا آپ اس حوالے سے ناروے میں بسنے والے پاکستانیوں کو کچھ بتائیں تو بہروز سبزوردی نے کہا کہ ہر خاندان میں ہر سکول میں ہر کالج میں ہر کاروبار میں ایک نہ ایک قباچہ ضرور ہوتا ہے۔ اداکارہ کنول خان نے کہا کہ سکون آرگنائزیشن کے نیک کام میں آپ سب بڑھ چڑھ کر کا حصہ لیں۔ آپ کی تھوڑی سی کوشش سے کسی غریب کی زندگی میں بہت بڑی خوشی آسکتی ہے۔ تقریب میں فنڈ ریزنگ میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کا حصہ لیا۔ اس موقع پر مستحق لوگوں کی مدد کے لیے رکھی گئی پینٹنگ شیخ طارق محمود نے15 ہزار کراؤن جبکہ راجہ ناصر عثمان نے پانچ ہزار کراؤن کی خرید کر معذور افراد کی مدد کے لیے حصہ ڈالا۔
یورپ سے سے مزید