اوسلو (نمائندہ جنگ) بھارت کے خلاف یوم سیاہ کشمیرکے موقع پر تحریک کشمیر یورپ ناروے کے زیر اہتمام انڈین ایمبیسی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات سمیت کمیونٹی نے شرکت کی اور مودی کی ظالمانہ پالیسیوں کیخلاف نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے انعام الحق سیٹھی نے کیا۔ تحریک کشمیر یورپ کے جنرل سیکرٹری حافظ میاں محمد طیب نے کہا کہ ناروے اور دنیا بھر میں مقیم اوورسیز کشمیری مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں اور ہندوستان کےظالمانہ اور سفاکانہ چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔ پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے جنرل سیکرٹری چوہدری اسماعیل سرور گجر نے کہا کہ27اکتوبرتاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب ہندوستان نے اپنے ناپاک قدم مقبوضہ کشمیر کی پاک دھرتی پر رکھے۔ صدر تحریک انصاف ناروے چوہدری حاجی محمد افضال نے کہا کہ انڈین آرمی اور انڈین حکومت نے کشمیر پر اپنے ناجائز تسلط کو قائم رکھنے کے لیے ریاستی دہشت گردی جاری رکھے ہوئی ہے۔ صدر پاکستان مسلم لیگ ناروے شاہد تنویر بٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں غلیظ انڈین آرمی نے کشمیر میں کشمیریوں کے حقوق سلب کرتے ہوئے غیر قانونی قبضہ کر کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرکے کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کردیا ہے۔ چوہدری رفاقت علی نے کہا کہ ہندوستان نے 27اکتوبر 1947میں کشمیر پر غیر قانونی اور غاصبانہ قبضہ کیا۔ مسلم لیگ ن ناروے کے چیئرمین حاجی خالد نذیر بٹ نے کہا کہ کہنا تھا کہ بھارت جتنا مرضی زور لگا لے کشمیری اپنا حق رائے دہی اقوام متحدہ کی قرار داوں کے مطابق ضرور حاصل کریں گے۔ تحریک کشمیر ناروے کے سینئر رہنما راجہ مقبول حسین نے کہا کہ بھارت نے الیکشن میں جمہوریت کا مذاق اڑایا عالمی مبصرین نےخود دیکھ لیا کہ بھارتی جارحیت کشمیر میں ستر سال سے کیسے جاری ہے، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ تحریک کشمیر ناروے کے سینئر رہنما چیف ایگزیکٹو چوہدری حاجی رفاقت علی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ پر امن احتجاجی مظاہرے میں مولوی عبدالرحمٰن، چوہدری ناہید، اسلم منور ڈار، ملک نسیم، امجد مرزا، عمران حاجی، ملک ارشد، شیر سلطان جویا، چوہدری شبیر احمد، چوہدری حاجی عبدالشکور، چوہدری بلال اکرم، چوہدری ساجد، چوہدری بہادر خان، چوہدری حمزہ اور دیگر افراد کے علاوہ خواتین بچوں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے آخر میں حافظ ضیاء الرحمٰن نے مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کیلئے دعا کی۔