• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہتر نتائج کے لیے ورزش سے قبل کیا کھانا چاہیے؟

اچھی جسمانی صحت کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ روزانہ کی بنیاد پر کم یا زیادہ، ہلکی یا بھاری قسم کی ورزش ضرور کریں۔ لیکن کچھ لوگوں کو غلط فہمی یہ ہوتی ہے کہ دبلا ہونے کے لیے ورزش کرنے کے علاوہ کھانے پینے میں بھی کمی کرنی چاہیے۔ 

ہاں یہ ضرور ہے لوگوں کو ’جنک فوڈ‘ سے خاص طور پر پرہیز کرنا چاہیے لیکن صحت بخش غذاؤں پر سمجھوتا نہ کرناہی دانش مندی ہے۔ خاص طور پر جِم جانے یا فٹنس کے لیے کوئی بھی جسمانی مشق کرنے سے قبل لازمی ہے کہ آپ اپنے جسم کو توانائی فراہم کریں۔ 

اس کے لیے درست یا موزوں غذا کا انتخاب کرنا اس سے بھی زیادہ ضروری ہوتا ہے تاکہ آپ اپنا ورک آئو ٹ یا آؤٹ ڈور سرگرمی عمدگی سے انجام دے سکیں۔ مثال کے طور پر آگر آپ اسپن کلاسز لے رہے ہیں اور اس سے پہلے سبزی یا پھل کے جوس کو ایک صحت بخش آپشن تصور کررہے ہیں تو دوبارہ سوچیں، کیونکہ اس سےآپ کا ہاضمہ متاثر ہوسکتاہے۔ آپ کی رہنمائی کے لیے ہم کچھ اسنیکس کا ذکر کررہے ہیں، جنہیں آپ جِم جانے یا فٹنس روٹین سے پہلے استعمال کرسکتے ہیں۔

چہل قدمی سے قبل

اگر آپ کو اپنی بھرپور غذا لیے تین سے چار گھنٹے ہو چکےہیں اور ابھی بھی آپ کو شکم سیری ہے تو پھر کچھ بھی کھانے پینے کی ضرورت نہیں، بس آپ اٹھیں اور چہل قدمی کرنا شروع کردیں۔ لیکن اگر آپ صبح سویرے اُٹھ کر چہل قدمی کرنے کے عادی ہیں یا رات کا کھانا کھانے کے بعد خالی پیٹ محسوس کر رہے ہیں تو چہل قدمی پر جانے سے قبل ناشپاتی ، سیب ، ایک آدھ کیلا ، یا اسموتھی کا چھوٹا گلاس، پھلوں کےساتھ دہی یا بادام کا دودھ لے سکتے ہیں۔

دوڑنے سے پہلے

دوڑنے کیلئے بہت زیادہ طاقت اور اسٹیمنا درکار ہوتا ہے ۔ اس لئے ضروری ہے کہ رننگ سے پہلے صحت بخش غذا لی جائے۔ اگرآپ کو تیزابیت کی شکایت ہے توآپ کو ڈیری مصنوعات یا ترش غذاؤں سے پرہیز کرنا چاہئے۔ اگر آپ کئی میٹر کی رننگ کرنے جارہے ہیں تو پھر آپ کو رننگ سے ایک گھنٹہ قبل اسنیکس کھانے چاہئیں۔ آپ کو نٹ بٹر کے ساتھ ٹوسٹ، کیلا یا چند بادام پستے، ایک چھوٹے سے پیالے میں دلیہ ، کوئی سا بھی آدھاپھل یا پھر چاکلیٹ بار کھانی چاہئے۔

مسلز ٹریننگ سے پہلے

طاقت کے استعمال والی جسمانی ورزش سے پہلے جسم کو تقویت پہنچانا ضروری ہے تاکہ مسلز کے کھلنے اور سکڑنے میں آپ کو آسانی پیش آئے۔ اس سے آپ کی طاقت، ہڈیوں پر چڑھے مسلز کے سائز اور برداشت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس لیے لازمی ہے کہ ورک آؤٹ سے پہلے جسم کو فیول مہیا کیا جائے، جس کیلئے آپ پروٹین شیک، سیب، پی نٹ بٹر کے ساتھ ایک ٹوسٹ، ہائی پروٹین اوٹ میل یا بلو بیری بنانا پروٹین اسموتھی لے سکتے ہیں۔

یوگا سے پہلے

یوگا کرنےسے پہلے بہت زیادہ کھانے سے پرہیز کریں کیونکہ آپ کو اس میں Twist کرنے والے آسن کرنے ہوتے ہیں جبکہ سرکے بل بھی کھڑا ہونا ہوتا ہے۔ آپ فائبر سے بھرپور پھل جیسے کہ کیلا ، میوے، ایک پیالی بیریز ، اوٹ میل یا دوسری پکی ہوئی دالیں استعمال کرسکتے ہیں۔

سوئمنگ سے پہلے

سوئمنگ سے پہلے ایسی غذاؤں سے اجتناب کریں ،جو آپ کا ہاضمہ خراب کرسکتی ہوں۔ آپ کم چربی والے دودھ سے بناایک پیالہ دلیہ، جوس کے ساتھ ایک ٹوسٹ، ایک کیلا یا چاکلیٹ بار اور مٹھی بھر کشمش کھاسکتے ہیں۔

سائیکلنگ اور اسپننگ سے پہلے

اگر آپ کی فٹنس روٹین میں سائیکلنگ اور اسپننگ شامل ہے تو آپ کو صحت بخش غذائیں اور اسنیکس ضرور استعمال کرنے چاہئیں، لیکن یہ اسنیکس ان سرگرمیوں سے ایک گھنٹہ قبل کھانے چاہئیں۔ اس سلسلے میں آپ سوکھے پھلوں اور خشک میوے کو دودھ میں ملا کر بنائی جانے والی غذا، دلیہ، ایک کیلا، انڈہ، ایک مشت خشک میوہ جات، گرلڈ سامن مچھلی یا بھاپ لگی بروکلی کھاسکتے ہیں۔

درج بالا غذاؤں کی خصوصیات 

فٹنس روٹین سے پہلے کی غذاؤں کے بارے میں تو آپ نے جان لیا کہ کیا کھانا چاہئے، لیکن اگر ان کی افادیت آپ نہیں جانتے تو جان لیں۔

* پی نٹ بٹر کے ساتھ ٹوسٹ: گندم سے بنی ڈبل روٹی پر پی نٹ بٹر لگا کر کھانے سےجسم میں اضافی کاربوہائڈریٹس شامل ہو جاتے ہیں۔

* خشک میوہ جات: جِم جانے سے پہلے خشک میوہ جات کھانے سے جسم کی توانائی بڑھتی ہے۔ غذائیت سے بھرپور خشک میوہ جات دل کے دورے اور فالج کے حملوں سےبھی محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

پروٹین شیک: دن میں ایک سے زائد بار پروٹین شیک پینا آپ کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ ورک آؤٹ سے پہلے اس کا استعمال جسم میں توانائی بحال رکھنے کے کام آتا ہے۔ ورک آئوٹ سے پہلے پیے جانے والے پروٹین شیک میں ایک اسکوپ پروٹین ، آدھا کیلا اور بادام کا دودھ شامل کرلیا جائےتو بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

کیلا: کیلے میں تین طرح کی قدرتی شکر سکروز، گلوکوز اور فرکٹوز ہوتی ہے، اس کے علاوہ کیلے میں ریشے یا فائبرز بھی پائے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے فوری توانائی حاصل کرنے کیلئے کیلا اہم سمجھا جاتا ہے۔ کیلے کی یہی خصوصیت اسے دنیا بھر کے ایتھلیٹس کا پسندیدہ پھل بناتی ہے۔

صحت سے مزید