• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپنرز کے سامنے انگلش بیٹرز بے بس، پاکستان سیریز جیت گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کر کٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں نو وکٹ کی کامیابی کے ساتھ تیسرا ٹیسٹ اور تین میچوں کی سیریز بھی جیت کر قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی،قومی کر کٹ سے اداسی کے بادل چھٹ گئے، سعودشکیل کو پہلی اننگز میں شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ساجد خان کو شاندار بولنگ پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔انگلینڈ کے کھلاڑی پاکستانی اسپنرز کے ہاتھوں بے بسی کی تصویر بن گئے،اسپنرز کی جادو گری نے ان کے ہوش اڑادئیے،کر کٹ کے بانی پاکستانی بولرز کے سامنے بیٹنگ بھول گئے، ملک بھر میں اس کامیابی پر خوشی کے شادیانے بج گئے، تجربے کار کھلاڑیوں کو قومی ٹیم سے ڈراپ کرنے کے مثبت نتائج نے قومی کر کٹ کے مستقبل کے روشن ہونے کا اشارہ دے دیا، صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف سمیت ملک کی اہم شخصیات نے قومی کھلاڑیوں کو سیریز اور ٹیسٹ میں فتح پر مبارک باد دی ہے،پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی کھلاڑیوں کی کار کردگی کو قابل ستائش قرار دیا،ہفتے کو پنڈی اسٹیڈیم میں انگلش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف112رنز پر پویلین میں پہنچ گئی،پاکستان نےانگلینڈ کے خلاف 9 سال بعد ٹیسٹ سیریز جیتی جب کہ پاکستان ٹیم کو ساڑھے 3 سال بعد ہوم سیریز میں کامیابی ملی، پاکستان نے آخری ہوم سیریز 2021 میں جنوبی افریقا کے خلاف جیتی تھی پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف آخری بار 2015 میں متحدہ عرب امارات کے میدان میں مصباح الحق کی قیادت میں کامیابی ملی تھی۔پاکستان نے آخری بار ہوم گراؤنڈ پر ساڑھے 3 سال قبل جنوبی افریقاکے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی تھی،کھیل کے تیسرے روز انگلینڈ نے 24 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا،انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 112 رنز پر آؤٹ ہو گئی،جوئے روٹ33ہیری بروک26رنز نمایاں رہے،۔قومی ٹیم کی جانب سے نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 4 وکٹیں حاصل کی۔

اہم خبریں سے مزید