کراچی(ذیشان صدیقی/اسٹاف رپورٹر) قطر کے قونصل جنرل نائف شاہین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ثقافتی سطح پر بھی قربتیں بڑھیں گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام38روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں31ویں روز قطر کی ثقافت کے حوالے سے ٹاک سیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ٹاک سیشن میں قطر کلچر پاسٹ، پریزنٹ اینڈفیوچر Qatar,s Culture Past, Present and the Futureکے عنوان سے نشست کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں قطر کے قونصل جنرل نائف شاہین آر ایم السلیتی، صدر آرٹس کونسل احمدشاہ، نصیرالحمادی اورعبداللہ الکواری نے گفتگو کی۔ سیشن میں قطر کی ثقافت، ماضی ، حال اور مستقبل کے بارے میں بتایاگیا۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل کراچی محمداحمدشاہ نے کہاکہ انہیں خوشی ہے کہ قطرکی وزارت ثقافت کے ساتھ ساتھ وہ قطر کے قونصل جنرل نائف شاہین آر ایم السلیتی کے شکرگار ہیں کہ وہ ورلڈ کلچرفیسٹیول میں قطر کی ثقافت کے ساتھ شریک ہوئے۔ اس موقع پر قطر کے قونصل جنرل نائف شاہین آر ایم السلیتی نے قطر کی ثقافت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ آرٹس کونسل پاکستان کے ورلڈکلچرفیسٹیول میں شرکت کرکے بہت مسرور ہیں۔ آرٹس کونسل کراچی بلاشبہ فن وثقافت کے فروٹ کے لیے ایک عرصہ سے سرگرم ہے۔ ہم انشاء اللہ پاکستان کی ثقافت کا دائرہ قطر میں بھی توسیع دیں گے قطر اور پاکستان کے برادرانہ مراسم ہیں ۔ قطر کے تھیٹر انسٹرکٹر عبداللہ الکواری نے سیشن سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ قطر میں تھیٹر کی تشکیل کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے قطر نے بہت سارے فنکار اور مصنفین متعارف کرائے ہیں۔