کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے اور کراچی تا سکھر ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ یلو لائن بی آر ٹی کراچی کا ایک اسٹرٹیجک اور وژنری منصوبہ ہے، جس کا مقصد عوام کو تیز، سستی اور محفوظ سفری سہولت دینا ہے، یہ منصوبہ شاہراہِ نورجہاں سے کورنگی انڈسٹریل ایریا اور لانڈھی پر محیط ہوگا، روزانہ لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔ ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ سے بی آر ٹی کے تعمیراتی لاگت میں فرق ضرور آیا ہے، لیکن حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔ اتوار کوعالمی بینک کے اعلیٰ سطح وفد نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے سائٹ آفس اور جام صادق پل کے قریب جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی دورہ کیا۔یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے سائٹ آفس آمد پر سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو نے وفد کا استقبال کیا۔ ورلڈ بینک کے وفد میں ریجنل وائس پریزیڈنٹ مسٹر عثمان دیونی، کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان بولورما آمنگابازار، ریجنل پریکٹس ڈائریکٹر فادیہ سعاد، ریجنل پریکٹس ڈائریکٹر المود ویٹز، آپریشنز مینیجر گیلیوس ڈراوگیلس، اسپیشل اسسٹنٹ ٹو ریجنل وائس پریزیڈنٹ لوبنا حاجی، آپریشنز آفیسر حنا سلیم لوٹیا، اور سینئر ایگزیکٹو اسسٹنٹ مسٹر ولید انور شامل تھے۔یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے سائٹ آفس آمد پر ایک اعلٰی سطح اجلاس ہوا، جس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وفد کو یلو لائن بی آر ٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔