اسلام آباد( نیوز رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کو 77ویں برسی پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا محفوظ پاکستان ہمارے ہیروز کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے، پاکستان کی غیور قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی ،77برس قبل آج ہی کے دن کشمیر کی پہلی جنگ میں کیپٹن محمد سرور شہید نے مادرِ وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم کو کیپٹن محمد سرور شہید کی جرات، استقامت اور عظیم قربانی پر فخر ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوت کیپٹن سرور شہید نے دشمن کے جموں و کشمیر پر جارحانہ قبضے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔