اسلام آباد (آئی ا ین پی)وفاقی وزارت خزانہ نے سول آرمڈ فورسز کے سویلین ملازمین کی تنخواہیں فوج کے برابر نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم کی منظوری سے گزشتہ سال سول آرمڈ فورسز کی تنخواہیں پاک فوج کے برابر کی گئی تھیں، وزارت داخلہ نے وضاحت کیلئے وزارت خزانہ سے رجوع کیا تھا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے وزارت خزانہ سے رجوع کرکے وضاحت مانگی تھی کہ گزشتہ سال سول آرمڈ فورسزکی تنخواہیں فوج کے برابر کی گئیں تھیں، آیا اس کا اطلاق سول آرمڈ فورسز میں کام کرنے والےسویلین ملازمین پر ہوگا یا نہیں۔اس حوالے سے وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ سول آرمڈ فورسز کے سویلین یعنی بغیر یونیفارم ملازمین پر نہیں کیا جائےگا کیوں کہ سول آرمڈ فورسز کے ٹروپس یعنی یونیفارم ملازمین کی تنخواہیں پاک فوج کے برابر کی گئی تھیں-دستاویزات کےمطابق وزیراعظم کی منظوری سےگزشتہ سال سول آرمڈ فورسز ٹروپس کی تنخواہیں پاک فوج کے برابرکی گئی تھیں، سول آرمڈ فورسزکی تنخواہوں میں 55.76 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا۔