• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی غزہ میں 3 صحافیوں سمیت 53 فلسطینی، لبنان میں 21 شہری شہید

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

غزہ اور لبنان میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی حملوں سے ایک ہی دن میں شمالی غزہ میں 3 صحافیوں سمیت 53 فلسطینی جبکہ لبنان میں 21 شہری شہید ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر حملہ کیا، جس میں 1 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دینے والے اسکول پر اسرائیلی بم باری میں 3 صحافیوں سمیت 11 فلسطینی شہید ہو گئے۔

جنین میں فلسطینی مزاحمتی گروپ اور اسرائیلی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔

شمالی غزہ کے محصور علاقے بیت لاہیہ میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم ازکم 40 فلسطینی شہید ہو گئے۔

غزہ میں شجائیہ کے علاقے میں اسرائیلی حملے میں 3 فلسطینی شہید ہوئے۔

اسرائیلی فوج نے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا اور فلسطینیوں کی بڑی تعداد کو گرفتار کر لیا۔

اقوامِ متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرس نے شمالی غزہ کی خوفناک صورتِ حال اور اموات پر حیرانگی و صدمے کا اظہار کیا ہے۔

ادھر لبنانی میڈیا کے مطابق لبنان کے علاقے صور کے ضلع رمل پر اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی ایک عمارت پر بم باری سے 3 افراد شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم پہلے معاہدے پر قائم رہیں تو ڈیل ہو سکتی ہے: حماس

قطر میں غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے گزشتہ روز مذاکرات ہوئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق قطر میں ہونے والے مذاکرات میں قطر میں حماس کی  سیاسی بیورو کے اعلیٰ عہدیدار حسان بادرن نے کہا کہ ہمارے مطالبات واضح اور سب کے علم میں ہیں، اگر اسرائیلی وزیرِ اعظم پہلے ہوئے معاہدے پر قائم رہیں تو ڈیل ہو سکتی ہے۔

ایران پر حملہ، سلامتی کونسل کا اجلاس طلب

دوسری جانب ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد ایران، روس، چین اور الجیریا کی درخواست پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

نیتن یاہو شرم کرو، اسرائیل میں نعرے بلند

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو اپنے ہی ملک میں تنقید و نعرے بازی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال 7 اکتوبر کو ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں یروشلم میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔

اس تقریب میں ہلاک افراد کے اہلِ خانہ نے شرکت کی اور نیتن یاہو کی تقریر کے دوران نعرے بازی کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

تقریب میں شریک ہلاک افراد کے اہل خانہ نے ’ شرم کرو، شرم کرو‘، ’میرے والد کو مارا گیا ہے‘ کے نعرے بلند کیے اور جنگ بندی مذاکرات اور یرغمالیوں رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز منعقدہ اس تقریب کے دوران اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی تقریر براہِ راست نشر ہو رہی تھی۔

جوں ہی اسرائیلی وزیرِ اعظم تقریر کے لیے پوڈیئم پر آئے تو مظاہرین نے چیخ و پکار شروع کر دی اور انہیں تقریر کا موقع نہیں دیا۔

مصری صدر کی غزہ میں 2 روزہ جنگ بندی کی تجویز

مصری صدر عبدالفتح السیسی نے غزہ میں 2 روزہ جنگ بندی کی تجویز پیش کر دی۔

مصری صدر کی جانب سے پیش کی جانے والی تجویز میں کہا گیا ہے کہ 4 اسرائیلیوں کے بدلے اسرائیلی جیلوں میں قید کچھ فلسطینی رہا کیے جائیں گے اور غزہ میں 2 دن کی جنگ بندی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عارضی جنگ بندی کے نفاذ کے 10 دن کے اندر بات چیت دوبارہ شروع ہونی چاہیے تاکہ مستقل جنگ بندی کے حصول کی کوشش کی جا سکے۔

خیال رہے کہ مذکورہ احتجاجی مظاہرے اس وقت ہوئے جب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں غزہ جنگ بندی مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید