• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یحییٰ سنوار کی شہادت: اسرائیلی فوج کے آپریشن کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی




اسرائیلی فوج نے 16 اکتوبر کو یحییٰ سنوار کی شہادت کے دوران اسرائیلی فوج کے آپریشن کی نئی ویڈیو جاری کردی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے حالیہ دنوں میں بسلامچ بریگیڈ کے ایک سپاہی کی ہیڈ کیم فوٹیج جاری کی ہے، جس میں رواں ماہ کے آغاز میں جنوبی غزہ کے رفاہ کے علاقے میں حماس کے رہنما یحییٰ السنوار کو شہید  کرنے کی کارروائی کو دکھایا گیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے تل سلطان کے علاقے میں 4 مسلح افراد کو شہید کیا، جن میں سے ایک کی شناخت بعد میں  یحییٰ السنوار کے طور پر ہوئی۔

اسرائیلی فوج نے اس واقعے کے دوران کمانڈرز کے درمیان ریڈیو پیغامات کی آڈیو ریکارڈنگ بھی جاری کی ہے۔

 ان پیغامات میں ایک افسر کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ "ایک اور جنگجو کو ختم کر دیا، ہم نے اسے ایک کمبل کے ساتھ شناخت کیا، وہ اب ختم ہو چکا ہے۔"

جس کے جواب میں ایک اور افسر نے کہا، "آپ کے درمیان، ملبے کے درمیان مزید لوگ ہو سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس عمارت کو بھی ٹینکوں سے شیلنگ کا نشانہ بنایا گیا جہاں یحییٰ السنوار موجود تھے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ حماس سربراہ کی شہادت حتمی وار شارپ شوٹر سے ہوئی تھی یا پھر ٹینک  کے گولوں کی شیلنگ سے۔

یاد رہے کہ16 اکتوبر کو اسرائیلی فوج سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے یحییٰ سنوار کو 31 جولائی 2024 کو ایران میں ایک حملے میں حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد  فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا نیا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید