نئی دہلی ( جنگ نیوز )ہسپانوی وزیراعظم نے بھارت میں پہلے ملٹری ائیرکرافٹ پلانٹ کا افتتاح کردیا۔ 2021ء میں 56طیاروں کا معاہدہ ہوا تھا جس میں سے 16اسپین میں اسیمبلڈکئے گئے اور باقی 40بھارت میں تیار کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ تعلقات مضبوط ہوں گے۔ اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز بھارت کے دورے پر پہنچ گئے ہیں اور ان کا بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے ہمراہ شاندار استقبال کیا گیا جہاں اسپین دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت بھارت میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ریاست گجرات کے وڈودرا میں ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز اور ایئربس کے درمیان ایک ملٹری ایئر کرافٹ فیکٹری کا افتتاح کرنے کے لیے جاتے ہوئے دونوں کو ایک گاڑی میں پر سوار ہو کر عوام کی جانب ہاتھ لہراتے دیکھا جا سکتا ہے۔یہ کسی بھی ہسپانوی وزیر اعظم کا 18 سالوں بعد بھارت کا پہلا دورہ ہے۔بھارت کی وزارت دفاع نے 2021میں ایئربس ڈیفنس اینڈ اسپیس سے 56 کارگو اور فوجیوں کو لے جانے والے C 295 طیاروں کے لیے 2. 5 ارب ڈالر کے معاہدے پر اتفاق کیا تھا۔ان میں سے 16کی اسیمبلنگ اسپین کے شہر سیویل میں کی گئی اور ان کی پچھلے سال ڈیلیوری کردی گئی تھی لیکن باقی 40طیارے بھارت میں تیار کی جائیں گے۔