کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے ہاتھوں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس جب وطن واپس پہنچے تو ایک اور بری خبر ان کی منتظر تھی۔ٹیسٹ سیریز کے دوران ڈرہم کے نارتھ ایسٹ میں واقع کاسل ایریا میں نقاب پوش چوروں نے ان کے گھر سے قیمتی زیورات اور لاکھوں پاؤنڈز لوٹ لئے۔ بین اسٹوکس نے بدھ کوچوری کی واردات اور اپیل سوشل میڈیا پوسٹ پر کی۔بین اسٹوکس نے لکھا کہ17اکتوبر کو کچھ ماسک پہنے لوگوں نے میرے گھر چوری کی واردات کی۔ مجھےجیولری قیمتی اشیاء اور ذاتی استعمال کی کئی اشیاءسے محروم کردیا گیا ہے۔ بعض اشیاء کے ساتھ میرا اور میری فیملی کا جذباتی لگاؤ تھا‘ بین اسٹوکس نے کہا کہ ان افراد کو تلاش کرنے میں مدد کی جائے۔ یہ جرم اس وقت کیا گیا جب میری اہلیہ دو چھوٹے بچوں کے ساتھ گھر پر تھیں ۔شکر ہے فیملی کو کسی طرح کا جسمانی نقصان نہیں پہنچا ۔ اس واردات کی وجہ سے ان پرذہنی طور پر اثر پڑا ہے ۔میں چوری ہونے والی چند اشیاء کی تصاویربھی ریلیز کر رہا ہوں ۔ریلیز کرنے کا مقصد صرف ان لوگو کو پکڑنا ہے ۔اگر آپ کے پاس کوئی معلومات ہیں تو ڈرہم کانسٹیبلری سے رابطہ کریں ۔