کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے نمائندہ وفد کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ مسقط، عمان سے تعلق رکھنے والی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ نمایاں پاکستانی شخصیات پر مشتمل ایک وفد نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر مرکزی راہنما و رُکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار کی قیادت میں ڈپٹی وزیراعظم سے وزارت خارجہ کے دفتر میں ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے عمر ریاض، سید حارث، چوہدری اسلم، عمران صدیقی، سکندر بخاری اور احمد سبحانی پر مشتمل وفد کو خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں پاک، عمان تعلقات بہتر بنانے، کاروباری، تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں سمیت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔