• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی ویتنام کے ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد ( نیو زرپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں8ویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو (FII) کانفرنس کے موقع پر ویتنام کے وزیراعظم فام من چن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان ویتنام دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، شہباز شریف نے پاکستان اور ویتنام کے مابین تعلقات کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی بے پناہ استعداد موجود ہے، انہوں نے اس مقصد کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری وفود کے تبادلے کی تجویز پیش کی۔ دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔وزیرِاعظم نے آسیان تنظیم میں پاکستان کے مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کی کوششوں کے حوالے سے ویتنام کے تعاون کی درخواست کی، ویتنام کے وزیراعظم کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔بدھ کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان باہمی فائدہ مند تعاون کے لئے ویتنام کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے، ویتنام کے وزیراعظم فام من چن سے مل کر خوشی ہوئی۔
اہم خبریں سے مزید