سانگھڑ ( محمد مبین بھٹی/ نامہ نگار ) جنونی بھائی نے اسکی مرضی کے خلاف بہن کا رشتہ خاندان سے باہر کرانے پر اپنی ماں سمیت اپنے ہی خاندان کے 4افراد کو پسٹل کی مدد سے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جھول تھانے کی حدود قصبہ گھنڈن کے قریب گاؤں علی جان مری میں رات گئے لاکھو بھیل نامی نوجوان نے اپنی بہن کا رشتہ اس کی مرضی کے خلاف خاندان سے باہر کرانے پر مبینہ طور پر اپنے غصے پر قابو نہ پاکر گہری نیند میں ماں، 2بہنوں اور بہنوئی کو پسٹل سے فائرنگ کرکے یکے بعد دیگر ہلاک کرکے فرار ہوگیا۔ مقتولین میں کنکنا، رادھا، دھڑکی اور رانجو بھیل شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اپنے ہی خاندان کے 4افراد کا مبینہ قاتل لاکھو بھیل بعداز واردات رات کی تاریکی میں فرار ہوگیا ،جس کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے لئے علاقہ پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب مقتولین کی لاشوں کو بذریعہ ریسکیو تعلقہ اسپتال سنجھورو منتقل کر دیا گیا۔