دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی ملکیت سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس کی جانب سے صارفین کو امریکی انتخابات سے متعلق غلط معلومات پھیلانے پر ہزاروں ڈالرز کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔
برطانوی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر کچھ صارفین باقاعدگی سے امریکی انتخابات کے بارے میں غلط معلومات پر مبنی مواد کو شیئر کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایکس کی جانب سے امریکی انتخابات سے متعلق اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ تصاویر اور سازشی نظریات شیئر کرنے والے صارفین کو ہزاروں ڈالرز ادا کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایسے صارفین امریکی انتخابات سے متعلق سازشی نظریات پر مبنی پوسٹس کو مختلف فورمز اور گروپ چیٹس میں بھی شیئر کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایسے صارفین کے کچھ نیٹ ورکس ڈونلڈ ٹرمپ، کچھ کملا ہیرس جبکہ کچھ آزاد امیدواروں کی حمایت کرتے نظر آ رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی سیاستدانوں بشمول کانگریس کے امیدواروں نے خود بھی اپنی حمایت میں مواد شیئر کروانے کے لیے ان میں سے کچھ صارفین سے رابطہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی انتخابات اگلے ماہ 5 نومبر کو ہوں گے جن پر دنیا بھر میں گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔