• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اصولی موقف پر قائم، کمیونٹی بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر پر موثر آواز اٹھانے کیلئے متحد ہوجائے، ڈاکٹر محمد فیصل

لندن (جنگ نیوز) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں’’جموں و کشمیر یوم سیاہ‘‘ کی مناسبت سے تصویری نمائش اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں برطانوی پارلیمنٹیرینز بشمول لارڈ قربان حسین، بیرونس نوشین مبارک، ایم پی یاسمین قریشی، ایم پی محمد افضل خان، ایم پی عدنان حسین، کونسلر یاسمین ڈار، چیئرمین جموں کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین سمیت برطانیہ میں مقیم کشمیریوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے مسئلہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے اصولی موقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جعلی انتخابات کا انعقاد بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ غیر قانونی طاقت کا استعمال، کشمیری قیادت کی غیر قانونی نظربندی، خواتین، بچوں اور بزرگوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، مواصلاتی بندش اور نوجوانوں پر پیلٹ گن کا استعمال بھارتی حکومت کےظالمانہ اور وحشیانہ اقدامات ہیں۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے آواز اٹھانے کے لیے متحد ہوں۔ برطانوی پارلیمنٹیرینز نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ اراکین پارلیمنٹ نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک دیرینہ بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ معصوم کشمیریوں پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر رکوانے کے لیے بھارت پر اثر انداز ہو۔ دیگر مقررین نے جموں و کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظالم افواج کے ہاتھوں مشکلات کا شکار ہیں قبل ازیں ہائی کمشنر نے برطانوی پارلیمنٹیرینز اور برطانیہ میں مقیم ممتاز کشمیری رہنمائوں، اوورسیز پاکستانیوں اور میڈیا کی ایک بڑی تعداد کے ہمراہ پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیراہتمام تصویری نمائش کا دورہ کیا۔ تصویری نمائش میں جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تصویری عکاسی کی گئی۔

یورپ سے سے مزید