• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دیوالی کا تہوار ہندو برادری کیلئے محبت اور مسرت کی علامت سمجھا جاتا ہے، گورنر سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنرہاوس میں دیوالی کا تہوار منایا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ دیوالی نئے سال کی آمد سے پہلے بین الاقوامی سطح پر منائے جانے والے تہواروں میں سے ایک تہوار ہے جو ہندو برادری کے لئے خوشی ، محبت اور مسرت کی علامت سمجھا جاتا ہے ، آج دیوالی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارک باددیتاہوں، تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرل، ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں شریک بین الاقوامی فنکار اورمسٹر یونیورس مقابلہ میں گولڈ میڈل جیتنے والے رمیز ابراہیم اور ہندو برادری کے رہنمائوں سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی ، گورنرسندھ نے ہندوبرادری کے ساتھ کیک بھی کاٹا ، فائر ورکس کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا ،گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان ایک گلدستہ ہے ہم سب اس کے خوبصورت پھول ہیں اس گلدستہ سے ہمیشہ خوشبو مہکتی رہے گی، پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، اقلیتیں بالخصوص ہندو برادری قومی ترقی میں شانہ بشانہ ساتھ ہے ،آج ہم سب اس عہد کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں کسی کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق روا نہیں رکھی جائے گی، تقریب میں گورنر سندھ نے رمیز ابراہیم کو گولڈ میڈل اورورلڈ کلچر فیسٹیول میں شریک تمام بین الاقوامی فنکاروں کو شال، جناح کیپ اور میڈلز دیئے ، رمیز ابراہیم نے اپنا گولڈ میڈل گورنر سندھ کے نام سے منسوب کر دیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید