کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے اورعوام پر گیس بم گرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مزید اضافے کو مسترد کر دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے اوگرا سوئی سدرن گیس کمپنی کو فی یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو)53.5فیصد 669روپے اضافے کی ہر گز اجازت نہ دے اور گیس کمپنی کی اضافے کی درخواست کو رد کردے، جماعت اسلامی اوگرا سماعت میں شریک ہوگی اور اس عوام دشمن فیصلے کی مخالفت کرے گی، گزشتہ 22ماہ میں گیس کی قیمتوں میں 450فیصد تک اضافہ کیا جا چکا ہے اور اس اضافے کے دائرے میں پروٹیکٹڈ صارفین بھی شامل ہیں یہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم و نا انصافی ہے، عوام گیس کے بھاری بلوں سمیت بڑھتی ہوئی مہنگائی سے سخت پریشان ہیں ، انہوں نے کہا کہ گیس کمپنی نے بھی کے الیکٹرک کی طرح مختلف بہانوں سے کراچی کے شہریوں سے اضافی بل وصولی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، شہر بھر میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔