• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز امیر قطر ملاقات، اسٹریٹجک تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ دوحا میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی ، قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے ملاقاتیں کیں اور دوحا میں نمائش کا افتتاح کیا ، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں، توانائی اور ثقافت میں تعاون کے لیے نئی راہوں پر تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنی خصوصی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے پرتپاک استقبال پر دلی خوشی ہوئی۔ پاکستان قطر کے ساتھ اپنی خصوصی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دورے میں ہم پاک قطر تعلقات کو مزید تقویت دے رہے ہیں ، امیر قطر کے دورہ پاکستان کا منتظر ہوں۔ایک اور پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امیر قطر کے ساتھ ایک انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔ پرتپاک خیرمقدم اور فراخدلی سے مہمان نوازی کے لیے امیر قطر کے ساتھ ساتھ حکومت اور قطر کے عوام کا بھی مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں کا اعادہ کیا، تجارت، سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں، توانائی اور ثقافت میں تعاون کے لیے نئی راہوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔ فلسطین اور مشرق وسطیٰ کی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن قائم کرنے کے لیے شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی قیادت میں قطر کی انتھک کوششوں کو سراہتا ہوں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم عزت مآب شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کے درمیان گزشتہ روز دوحہ میں ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافتی تبادلے جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں قطر کے تعاون کو سراہا اور مختلف شعبوں میں قطر کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ قطری وزیر اعظم نے خطے میں پاکستان کی اسٹرٹیجک اہمیت کا اظہار کرتے ہوئے اقتصادی ترقی اور علاقائی استحکام کے قطر کے وژن کے مطابق پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ قطر کے وزیراعظم نے افغانستان سمیت خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تعاون کو فروغ دینے اور ترقی کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی تبادلوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔مزید برآں وزیراعظم شہباز نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے متنوع اقتصادی شعبوں بشمول زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

اہم خبریں سے مزید