کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت نے کارساز حادثہ کیس میں متاثرین کی جانب سے ملزمہ کی معافی سے متعلق حلف نامے قبول کرتے ہوئے ملزمہ کو بری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ علاوہ ازیں ملزمہ کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کا مقدمہ اب بھی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں زیر سماعت ہے ۔ جمعرات کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں کارساز حادثہ کیس کی سماعت ہوئی ۔ سماعت کے موقع پر ضمانت پر رہا ملزمہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکیں ۔ وکیل صفائی کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیاکہ ملزمہ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہوسکتیں ۔ عدالت نے ملزمہ کو فوری طور پر طلب کر تے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی ۔ بعد ازاں مقدمہ کی دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو ملزمہ اپنے وکیل عامر منسوب ایڈووکیٹ کے ساتھ پیش ہوئیں ۔ گزشتہ سماعت پر عدالت میں متاثرین کی جانب سے ملزمہ کی معافی سے متعلق حلف نامے جمع کروائے تھے۔ وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیا تھاکہ کارسازحادثہ کیس میں ملزمہ کو مدعی اور اسکے اہلخانہ نے معاف کر دیا تھا، اہلخانہ کا موقف ہے کہ انہوں نے اللہ کی رضا کے لئے معاف کردیا ہے۔ عدالت نے متاثرین کےحلف نامے قبول کرتے ہوئے ملزمہ کو بری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ استغاثہ کے مطابق ملزمہ کی کارساز حادثہ کیس میں درخواست ضمانت پر بھی فریقین نے حلف نامے جمع کروائے تھے۔