کراچی (ٹی وی رپورٹ) چیف وہپ قومی اسمبلی پاکستان تحریک انصاف عامر ڈوگر نے کہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف پچھلے ڈھائی سال سے عملی طو رپر حالت جنگ میں سڑکوں پر ہے اب ہم چاہتے ہیں کہ جو ہماری تحریک ہے جو موومنٹ ہے اس کو فیصلہ کن بنانا ہے اس حوالے سے کچھ دن قبل ہم نے پشاور میں میٹنگ بھی کی اور ہمارا جذبہ او رجنون آج بھی اسی طرح سے جوان ہے اس کے باوجود کہ ہمارے سیکڑوں کارکن جیل میں ہیں ہمارا لیڈر جیل میں ہے ہم جدوجہد ہی کرسکتے ہیں اور اس جدوجہد کا مقصد اپنے لیڈر عمران خان کی رہائی ہوگا جس کے لئے جدوجہد ہم باہر بھی کریں گے ایوان میں بھی ۔وہ جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے پروگرام میں ن لیگ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل بلال اظہر کیانی نے بھی گفتگو کی اور کہا کہ علی امین گنڈا پو ر کی فلم تو اب ہر دوسرے ہفتے چل رہی ہوتی ہے جس میں وہ مولا جٹ ٹائپ کے مکالمے ادا کرتے ہیں کہ اب جو ہوگی وہ فیصلہ کن جنگ ہوگی ۔ میری علی امین سے ہمدردی ہے کہ وہ جس نوکری پر ہیں اس میں ان کا کام ریاستی مشینری کا استعمال کرکے ہنگامہ آرائی کرنا ہے جس پر کارکن تو بیچارے باہر آجاتے ہیں لیکن پارٹی کے لیڈران ورک فرام ہوم پر چلے جاتے ہیں اور پھر بعد میں صفائیاں دیتے پھرتے ہیں ۔