ملتان ( سٹاف رپورٹر) یو ایس ایڈ کے تحت ایل پی پی، سگنیفائی ودیگر سماجی اداروں کی جانب سے صبح نو پراجیکٹ کی لانچنگ کو یو ایس ایڈ نے خوش آئند قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر سوونگسری نے اس کے آغاز پر سماجی ادارے ایل پی پی اور دیگر پارٹنرز کو خراج تحسین پیش کیا کہ مقامی سطح پر لوگوں کو آگے بڑھانے کی کوشش میں یہ ایک اہم کڑی ہے۔اس موقع پر ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم اجمل چانڈیہ نے کہا کہ اس طرز کی سرگرمیاں ہمارے معاشرے کیلئے ضروری اور مفید ہیں ۔ لودھراں پائلٹ پروجیکٹ کے سی ای او ڈاکٹر عبدالصبور نے اس پروجیکٹ کی اہمیت اور خصوصیات سے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صبح نو پروگرام کے تحت مستقبل میں محروم کمیونٹی کی بھرپور خدمت کی جائے گی ۔ سی ای او سماجی ادارہ سگنیفائی زین بلوچ کا کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ ایل پی پی سگنیفائی اور دیگر ادارے سماجی ترقی کی کوششوں کے ذریعے مقامی امنگوں کو ڈھالنے ابھارنے اور بہتر کرنے کو یقینی بنائیں گے۔