کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ڈیل کے بجائے مفاہمت کی سیاست کرے، امریکا یا دیگر ملکوں کی جانب دیکھنے کے بجائے اپنے ملک کی حکومت اور سیاسی جماعتوں سے بات چیت کر کے ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے، ملک جن مسائل سے دوچار ہے اس میں مل کر اسے بحران سے نکالا جاسکتا ہے،موجودہ حکومت نے مشکل ترین حالات سے پاکستان کو باہر لانے میں جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے،بیرون ملک سے صنعت کار پاکستان آنے کو رضامند دکھائی دے رہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم جس انداز میں رات دن محنت کر کے پاکستان کو بہتر پوزیشن پر لانے کی کوشش کررہی ہے اس کے مثبت نتائج آنے لگے ہیں،وزیر اعظم محض تفریحی کے لئے غیرملکی دورے نہیں کررہے ہیں وہ جس ملک میں بھی جارہے ہیں وہاں سے نئے معاہدے کر کے آرہے ہیں،جس سے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ہونے والی بہترین تبدیلی کا اندازہ ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کی کوشش ہے کہ دہشت گردی سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو روکا جاسکے، بلوچستان اور کے پی کے میں روازنہ کی بنیاد پر دہشت گری کے پیچھے جہاں بھارت ملوث ہے وہیں اس کے ایجنٹ پاکستان میں اس کی مدد کررہے جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،تاکہ ملک میں مکمل امن قائم ہوسکے۔