کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ منشیات اس وقت ہمارے معاشرے کا اہم اور بڑا چیلنج ہے، بدقسمتی سے ملک بھر میں منشیات کی ترسیل اور بڑھ رہا ہے، منشیات کا استعمال اب فیشن بھی بنتا جا رہا ہے، ایلیٹ سوسائٹی میں کوکین کے نشے کو اہم سمجھا جاتا ہے، کوکین، چرس، ہیروئن کیساتھ ساتھ اس وقت سب سے بڑا چیلنج آئس اور کرسٹل ہیں۔ سندھ اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات کیخلاف ایکشن بھی چل رہے ہیں، آگہی کا کام بھی چل رہا ہے، سندھ اسمبلی سے منشیات کیخلاف بل اتفاق رائے سے منظور ہونا خوش آئند بات ہے، جب بھی منشیات کیخلاف بات ہوئی تب حکومتی اور اپوزیشن کے بینچز نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا، ہم سب نے ملکر منشیات کی لعنت کا مقابلہ کرنا ہے۔