لاہور (نمائندہ جنگ)بھارت سے آنے والی ہواؤں کی وجہ سے لاہور گزشتہ روز بھی فضائی آلودگی انڈیکس میں پہلے نمبر پر رہاجالندھر، لدھیانہ،امرتسر اور اٹاری سے دھوئیں کے گہرے سیاہ بادل پاکستان کی طرف آرہے ہیں۔بھارت سے تیز ہواؤں سے آئندہ سات دن کا نقشہ بھی جاری کر دیا گیا ۔ عالمی ائیرکوالٹی انڈیکس میں 1194 نمبر کے ساتھ لاہور کا پہلا نمبر جبکہ بھارت کے دو شہر دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔450سکور سے دہلی دوسرے اور 201 سکور سے کلکتہ تیسرے نمبر پر ہے ۔ بھارت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار اڑھائی سے سات کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، امریکی خلائی ادارے ناسا کا ہواؤں کا رخ دکھانے والا نقشہ جاری کیا ہے ۔بھارت میں جلائی گئی فصلوں اور کچرے کا دھواں اور بو لاہور پہنچ گئی ہے ،مشرق سے چلنے والی ہوائیں سیاہ بادلوں کا مرغولہ اور گرداب بن کر وسطی پنجاب میں آ چکی ہیں ،بھارت کی طرف سے چلنے والی ہواؤں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع لاہور ہے ۔بھارتی شہروں جالندھر، لدھیانہ، چندی گڑھ، بھٹنڈہ، کرنال، گورداسپور، امرتسر اور اٹاری سے دھوئیں کے گہرے سیاہ بادل تیز ہواؤں اور مرغولوں کی شکل سے پاکستانی علاقوں میں آ رہے ہیں جس کی وجہ سے لاہور کی سموگ کی صورت حال مزید پیچیدہ ہوگئی۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق بھارتی آلودہ ہواں سے لاہور میں معمول کا قدرتی فضائی بہا ؤرک گیا۔