سندھ فوڈ اتھارٹی (ایس ایف اے) نے صوبے کے تعلیمی اداروں بشمول اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کی کینٹینوں میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے جامع معائنہ مہم کا آغاز کردیا ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد طلبہ کو صحت بخش اور محفوظ خوراک فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی صحت اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا جاسکے۔
ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹو نے تمام فوڈ سیفٹی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کریں اور معائنہ کے دوران ایس ایف اے کی ٹیمیں خوراک کی حفاظت کے سخت معیار کو یقینی بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیں۔
ان معائنوں کا مقصد طلبہ کو فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار میں بہتری لانا ہے۔ اس مہم کے تحت سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے آئی بی اے سکھر، انڈس لاء کالج حیدرآباد اور ٹھٹھہ کے متعدد تعلیمی اداروں کی کینٹینوں کا معائنہ کیا۔
مزمل ہالیپوٹو کے مطابق معائنہ کے دوران فوڈ سیفٹی افسران کینٹین کے ماحول کی صفائی اور حفظان صحت کے معیار کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، جس میں کچن، فوڈ پریپریشن ایریاز، اسٹوریج اور سرونگ اسٹیشنز شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایس ایف اے اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ کینٹین میں فراہم کی جانے والی خوراک کی تازگی اور معیار کو جانچا جائے، تاکہ طلبہ کو معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔ اسی طرح خوراک کے آئٹمز پر لیبلنگ اور تاریخِ تنسیخ بھی چیک کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناقص یا زائد المعیاد مصنوعات سے بچا جا سکے۔
معائنہ میں کھانا پکانے کے طریقہ کار کا بھی بغور جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کھانا مناسب درجہ حرارت اور اصولوں کے مطابق تیار کیا جائے اور کسی بھی قسم کے بیکٹیریا سے بچا جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹو کے مطابق جو کینٹینز ہمارے حفاظتی معیار پر پورا نہیں اترتیں انہیں اصلاحی نوٹس جاری کیے جائیں گے اور مقررہ وقت کے اندر مسائل کو حل کرنے کا کہا جائے گا۔ ناقص یا زائد المعیاد خوراک کی فروخت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہمارے فوڈ سیفٹی افسران نہ صرف قوانین پر عمل درآمد کروا رہے ہیں بلکہ کینٹین کے عملے اور انتظامیہ کو خوراک کی ذخیرہ اندوزی، ہینڈلنگ اور صفائی کے اصولوں کے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ طلبہ کو محفوظ اور صحت مند خوراک فراہم کرنے کا ماحول قائم کیا جا سکے۔ یہ اقدام ایس ایف اے کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ طلبہ کی صحت کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ انہیں تعلیمی اداروں میں محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک میسر ہو۔
مزمل حسین ہالیپوٹو کا مزید کہنا ہے کہ خوراک کا معیار براہِ راست طلبہ کی صحت اور تعلیمی کارکردگی پر اثرانداز ہوتا ہے اور ہم تمام اداروں میں اعلیٰ معیار کے خوراک کو یقینی بنانے کےلیے پُرعزم ہیں۔ یہ مہم ایس ایف اے کے وسیع مشن کا حصہ ہے، جس کے تحت تمام عوامی مقامات میں خوراک کی حفاظت کو برقرار رکھا جائے گا اور تعلیمی اداروں سمیت دیگر خوراک فراہم کرنے والے مقامات پر بھی باقاعدگی سے معائنہ جاری رہے گا۔